ہم سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتے ہیں:محمد یوسف

ہم سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتے ہیں:محمد یوسف

کراچی: نیوکراچی ٹاؤن سیکٹر 5-G میں جماعت اسلامی کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کے تحت 25 گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب مکمل کر لی گئی۔ ان گلیوں کا افتتاح چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ایک پروقار تقریب میں کیا۔

اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، ٹاؤن افسران، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینیٹیشن مشتاق احمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن خالد شیخ، متعلقہ افسران، یونین کونسل کے چیئرمین، کونسلرز اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ سیکٹر 5-G ماضی میں بدحالی کی بدترین تصویر بنا ہوا تھا، جہاں ابلتے گٹر، ٹوٹی پھوٹی گلیاں، کچرے کے ڈھیر، اجڑے ہوئے پارک، پینے کے پانی کی شدید قلت اور گندے پانی سے بھری سڑکیں معمول بن چکی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں اس علاقے کو مسلسل نظرانداز کیا گیا، جس کے باعث یہاں کے مکین مختلف دفاتر کے چکر کاٹ کاٹ کر مایوسی کا شکار ہو گئے اور بالآخر اپنی مشکلات کو تقدیر سمجھ کر خاموش ہو گئے تھے۔

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے اقتدار میں آتے ہی ان علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی نقشے میں شامل کیا۔ ہم نے یہاں کے عوام کی خاموش اذیت کو محسوس کیا اور ان کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ یہی وجہ ہے کہ آج سیکٹر 5-G ماضی کے مقابلے میں واضح طور پر بہتر حالت میں نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 25 گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب مکمل کی جا چکی ہے جبکہ مزید 50 گلیوں میں کام تیزی سے جاری ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاست اقتدار کے حصول کے لیے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لیے ہے۔ ہم سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتے ہیں، نہ کہ مفاداتی سیاست پر۔ محدود وسائل اور اختیارات نہ ہونے کے باوجود ہم اپنے دائرہ اختیار سے بڑھ کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور عوام کے ٹیکس کے پیسے کو کرپشن کی نذر ہونے نہیں دیں گے بلکہ امانت داری کے ساتھ عوام ہی پر خرچ کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چارج سنبھالتے ہی انہوں نے نیو کراچی ٹاؤن کی تمام یونین کونسلوں کو بلا تفریق 50،50 لاکھ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے، چاہے وہ جماعت اسلامی کی ہوں یا پیپلز پارٹی کی لیکن میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے یہ سوال ضرور کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والی یونین کونسلوں کو ترقی کے لیے کیا دیا؟

محمد یوسف نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو بلا تفریق عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر علاقہ مکینوں نے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں