سندھی کلچر ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد ہماری اصل طاقت ہے: وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ ثقافت سندھ پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کا آج صرف ثقافت کا دن نہیں بلکہ اپنی پہچان پر فخر کی تجدید ہے،آج صدیوں کی تہذیب ہماری ذمہ داری بن کر سامنے کھڑی ہے۔سندھ کی ثقافت رنگوں سے زیادہ، کردار اور برداشت کی علامت ہے۔ہماری سرزمین نے دنیا کو امن، محبت اور علم دیا۔آج اسی روایت کو آگے بڑھانے کا دن ہے۔ سندھی کلچر ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد ہماری اصل طاقت ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو ثقافت صرف پہننی نہیں، سمجھنی اور جینے کی ضرورت ہے،سندھ کی موسیقیت، زبان اور روایتیں ہمارے مستقبل کی سمت متعین کرتی ہیں۔سندھ کی شناخت کسی ایک دن کی نہیں یہ ہر دل میں دھڑکتی ایک تاریخ ہے۔ہم سب آج ایکتا کے سچے معنی دنیا کو دکھا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے ماضی کو زندہ رکھا ہے یہی سندھ کی شان ہے،سندھ کی ثقافت پوری دنیا میں بسنے والے امن چاہنے والوں کی آواز ہے۔سندھی تہذیب صدیوں کی مسافت طے کرکے آج تک پہنچی ہے جسکو مزید روشن کریں۔
