پارکنگ سے فیس وصول کرنے والوں کو مین ہول نظر نہیں آیا: ناصر شاہ

پارکنگ سے فیس وصول کرنے والوں کو مین ہول نظر نہیں آیا: ناصر شاہ

قیادت نے ہر مین ہول پر ایک بندے کی ڈیوٹی لگانے کی ہدایت کی ہے:وزیربلدیات

کراچی: وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے سانحہ نیپا چورنگی کے دردناک واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ سانحے کے فوراً بعد تمام ادارے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے میں مصروف ہوگئے، کوئی کہتا ہے یہ لائن تھی کوئی کہتا ہے وہ لائن تھی، مگر حکومت سندھ کا مؤقف واضح ہے کہ وہ جو بھی لائن تھی جس بھی ذمہ دار کو کھلے مین ہول کا علم تھا وہی قصوروار ہے اور کوئی بھی اس غفلت سے بری الذمہ نہیں ہوسکتا۔

وزیر بلدیات نے اعتراف کیا کہ حادثہ ہونے کے بعد نہ کسی ادارے نے بروقت اپنا کام کیا اور نہ ہی فوری امدادی کارروائی کی گئی، اور یہی تاخیر ایک معصوم جان کے ضیاع کا سبب بنی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال اب تک کھلے مین ہولوں اور گٹروں میں گر کر 22 بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں جو کہ شہر میں میونسپل کمیٹی اور یونین کونسل کی ناکامی کی بدترین مثال ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ میئر کراچی خود سوگوار خاندان کے پاس گئے اور معافی مانگی، جبکہ حکومت سندھ پورے دل سے متاثرہ خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔

سید ناصر شاہ نے مزید کہا کہ قیادت نے واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ تمام دیگر کام چھوڑ کر شہر بھر کے مین ہولز کی فوری سیکیورٹی یقینی بنائی جائے اور ہر حساس مین ہول پر اہلکار کی ڈیوٹی لگائی جائے، ساتھ ہی اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ 24 گھنٹے کے اندر شہر کے تمام مین ہولز کی فہرست، سیکیورٹی اسٹیٹس اور مرمتی رپورٹ جمع کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب جہاں بھی کسی قسم کی کوتاہی پائی گئی وہاں فوراً سخت ترین کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ اہلکار و افسران کے خلاف زیرو ٹالرنس ہوگی۔

ناصر حسین شاہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ جہاں کہیں بھی کھلا یا بغیر ڈھکن کا مین ہول نظر آئے تو فوراً شکایت درج کریں تاکہ کسی اور خاندان کو اس اذیت سے نہ گزرنا پڑے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ سانحہ نیپا چورنگی کسی ایک محکمے کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب ذمہ دار ہیں اور یہ واقعہ پوری مشینری کے لیے ایک کڑا امتحان بن چکا ہے، حکومت سندھ نے ذمہ داریوں کے تعین کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو 72 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی جبکہ شہر میں ایمرجنسی سیور سیفٹی پلان پر عمل درآمد تیزی سے جاری ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں