میونسپل کمشنر احمد یار کا باضابطہ چارج سنبھالنے کے بعد منگھوپیر ٹاؤن آفس کا پہلا دورہ

میونسپل کمشنر احمد یار نے باضابطہ چارج سنبھالنے کے بعد منگھوپیر ٹاؤن آفس کا پہلا دورہ کیا۔

کراچی: منگھوپیر ٹاؤن میں آج انتظامی سرگرمیوں کے ایک اہم موقع پر نئے تعینات ہونے والے میونسپل کمشنر احمد یار کریرو نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھالنے کے بعد ٹاؤن آفس کا پہلا دورہ کیا۔ ٹاؤن پہنچنے پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی، وائس چیئرمین رانا محمد عارف اور مختلف شعبہ جات کے سینئر افسران نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے  میونسپل کمشنر کو گلے لگا کر خوش آمدید کہا، انہیں پھولوں کا ہار پہنایا اور ٹاؤن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ یہ موقع نہایت خوشگوار،  اور باوقار ماحول میں گزرا، جس میں نئے میونسپل کمشنر نے تمام افسران سے ہاتھ ملا کر اپنا تعارف پیش کیا۔

تعارفی گفتگو کے دوران میونسپل کمشنر احمد یار  نے کہا کہ انہیں منگھوپیر ٹاؤن میں چارج ملنے پر بے حد خوشی ہے، کیونکہ چیئرمین حاجی نواز بروہی ایک فعال، ایماندار اور فیلڈ ورک پر یقین رکھنے والے عوامی نمائندے کے طور پر شہر بھر میں مشہور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کئی مواقع پر حاجی نواز بروہی کا نام سن چکے ہیں، جو ہر ترقیاتی کام کی خود نگرانی کرتے ہیں اور علاقے کے مسائل کے فوری حل کے لیے ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔ میونسپل کمشنر نے مزید کہا کہ وہ ٹاؤن کو مزید مستحکم بنانے، انتظامیہ کی کارکردگی کو بہتر کرنے اور شہریوں کو فوری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری محنت اور خلوص کے ساتھ کام کریں گے۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کمشنر کو خوش آمدید کہتے ہوئے ٹاؤن کی مجموعی صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹاؤن میں صفائی و ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اسکیمیں جاری ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں روڈ کارپٹنگ، پیچ ورک، نالیوں کی صفائی، سیوریج لائنوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن ایک وسیع رقبے پر مشتمل ہے جس میں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس لیے ٹاؤن انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ وزٹ اور مسائل کے فوری حل کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔ انہوں نے میونسپل کمشنر کو بتایا کہ ٹاؤن کے عملے کی حاضری کے نظام میں بہتری، فنانس سیکشن میں شفافیت، پراپرٹی ٹیکس وصولی کے عمل کو جدید خطوط پر لانا اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

تعارفی نشست میں ٹاؤن کے افسران نے بھی اپنا تعارف پیش کیا، جن میں:قدیر احمد (ڈائریکٹر ایچ ار ایم)، فیاض محمد چنہ (اکاونٹ آفیسر)، سلیم دربار (ایکسیئن بی اینڈ ار ڈیپارٹمنٹ)، اکبر بھمرو (ڈائریکٹر ٹیکسیشن)، فہد کاکےپھوٹو (اے ڈبل ای ایم اینڈ ائی ڈیپارٹمنٹ)، لیاقت صوبہ ( ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن)، شعیب ( ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ)، ساگر خان ( ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن )، غفار جتوئی ( ڈائریکٹر روڈ کٹنگ )، اور  ثریہ عابد رحمانی(ایم وی او ۔ایس یو جی)۔ تمام افسران نے میونسپل کمشنر کو خوش آمدید کہتے ہوئے مستقبل میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

میونسپل کمشنر احمد یار کریرو نے تعارفی بریفنگ کے بعد چیئرمین کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں اور فیلڈ میں جا کر مسائل دیکھنے اور فوری اقدامات کرنے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کے مختلف شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا، صفائی کے نظام میں بہتری لانا، سڑکوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا، ٹیکس نظام میں شفافیت اور ٹاؤن عملے کی استعداد کار میں اضافہ ان کے مستقبل کے اہداف کا حصہ ہیں۔ میونسپل کمشنر نے مزید کہا کہ وہ چیئرمین کے ساتھ قدم بہ قدم کھڑے رہیں گے تاکہ منگھوپیر ٹاؤن کے شہریوں کو زیادہ بہتر اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا میں ہمیشہ یہ سمجھتا ہوں کہ منگھوپیر ٹاؤن کی ترقی ایک اجتماعی کوشش ہے۔ اگر میونسپل کمشنر سمیت تمام افسران دیانت داری اور محنت کے ساتھ کام کریں تو میں پورے یقین سے کہتا ہوں کہ منگھوپیر ٹاؤن کراچی بھر میں ایک مثالی، ترقی یافتہ اور منظم ٹاؤن کے طور پر سامنے آئے گا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ نئے میونسپل کمشنر کی آمد ٹاؤن انتظامیہ کے لیے ایک مثبت اضافہ ہے اور اس سے فیلڈ ورک اور انتظامی کارکردگی دونوں میں نئی توانائی آئے گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں