پاور ہاؤس چورنگی نیو کراچی میں شاعراعجاز رحمانی روڈ کاشاندار افتتاح
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کی عوام کے دیرینہ مطالبے پرماڈل شاہراہ کی تعمیر۔ از سر نو تعمیر،تزین و آرائش ہونے والی شاہراہ کو شاعر اعجاز رحمانی کے نام سے منسوب کیا گیا ،ماڈل شاہراہ کا شاندار افتتاح امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کے ہمراہ کیا۔
افتتاحی تقریب میں امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفرخان، امیرِ جماعتِ اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، مونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، مختلف یوسیز کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز،نیو کراچی ٹاؤن کے افسران و ملازمین اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔
اس موقع پر امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی سرگرمیوں کا یہ تسلسل چیئرمین محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی دن رات محنت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعراعجاز رحمانی ؒروڈ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ چھ سو سے زائد گلیوں کی پختگی، پارکوں کی بحالی، اسکولوں کی مرمت، اور واٹر سپلائی اسکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ یہ وہ اقدامات ہیں جو عام آدمی کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کے عوام پانی، صفائی، سیوریج، ٹرانسپورٹ اور بنیادی بلدیاتی سہولیات سے محروم ہیں، مگر بلدیاتی نمائندے محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔
انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ناقص کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بل تو وصول کرتا ہے مگر عوام کو پانی فراہم نہیں کرتا، سڑکیں ابلتے گٹروں سے بھری ہیں اور کراچی انتظامی نااہلی کا شکار ہے۔ جماعتِ اسلامی نے ہمیشہ کراچی کے عوام کے مسائل پر آواز بلند کی ہے، اور ہم شہریوں کے حقوق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ ہم نے عوام سے جو وعدے کیے ہیں، ان کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے۔ وسائل محدود ہیں مگر نیت خالص ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹاؤن میں اب تک دس ہزار اسکوائر فٹ سے زائد سڑکیں تعمیر کی جاچکی ہیں، پانی اور سیوریج کے کاموں پر (9 ) کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے، جبکہ پارکوں اور گلیوں کی تزئینِ نو کا عمل جاری ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف سڑکیں بنانا نہیں بلکہ عوامی سہولتوں کو ان کے دروازے تک پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے عوام نے ہمیشہ جماعتِ اسلامی پر اعتماد کیا ہے اور ہم ان کے اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
آخر میں چیئرمین نے کہا کہ ہم اپنی بساط سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں تاکہ نیو کراچی ایک مثالی ٹاؤن بن سکے، جہاں شہریوں کو صاف پانی، بہتر سڑکیں، روشن گلیاں اور صاف ستھرا ماحول میسر ہو۔
