کورنگی ٹاؤن چیئرمین نے طلباء و طالبات کے لیے امتحانی کاپیاں اور رزلٹ کارڈز ہیڈ ماسٹر کے حوالے کردیے
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ٹی ایم سی اسکول کے طلباء و طالبات کے لیے امتحانی کاپیاں اور رزلٹ کارڈز اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے حوالے کیے۔
اس موقع پر جنرل سیکریٹری پی ایس 94 نبی دادخان، پارلیمانی لیڈر تنویر عباسی، وائس چئیر مین یو سی 11 عبدالغفور سیفی، لیڈی کونسلر نازیہ ناز, ڈائریکٹر ایجوکیشن آصف عمر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد عرفان, اسکول کے اساتذہ، انتظامی عملہ، والدین اور علاقے کی معزز شخصیات بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کہا کہ "تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے، اور ہمارا مشن ہے کہ کورنگی ٹاؤن کے تمام بچوں کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی ماحول کو بہتر بنانا، اساتذہ کی تربیت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ تعلیم کے شعبے میں مثبت اصلاحات کے لیے کوشاں ہے، تاکہ والدین کا اعتماد سرکاری اسکولوں پر بحال ہو اور بچے بہتر ماحول میں اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے چیئرمین کورنگی ٹاؤن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی کاپیوں اور رزلٹ کارڈز کی فراہمی سے اسکول کے تعلیمی نظام میں بہتری آئے گی اور طلباء کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
طلباء و طالبات نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین کورنگی ٹاؤن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام ان کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ٹاؤن انتظامیہ سرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی، تاکہ کورنگی کے بچے ملک کا روشن مستقبل بن سکیں۔
