پیپلز پارٹی کا ہر کارکن اپنے بلاول بھٹو زرداری کے شانہ بشانہ کھڑا ہے: وقار مہدی
پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی کا سانحہ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت
پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء محض کارکن نہیں بلکہ یہ اپنی قائد کے ڈھال اور جمہوریت کی دھڑکن تھے۔سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانی نے جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کیا اور ان کا لہو جمہوری مزاحمت کی روشنائی بنا۔
سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو 18 اکتوبر 2007 کو امید، مفاہمت اور جمہوریت کا پیغام لیے وطن واپس لوٹیں۔بی بی شہید طویل جلاوطنی کے بعد وطن لوٹیں تو لاکھوں شہریوں اور ہزاروں جیالوں نے تاریخی استقبال کیا۔جمہوریت دشمن قوتوں نے بی بی شہید کے قافلے پر دہشت گرد حملہ کرکے 175 سے زائد جیالوں کو شہید اور سیکڑوں کو زخمی کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے شہداء کو کبھی بھولے گی نہ ان قوتوں کو معاف کرے گی جو اس سفاک حملہ میں ملوث تھے۔آج کے دن ہم اپنے شہداء کو خراج عقیدت اور تجدیدِ عہد کرتے ہیں کہ ہم اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بی بی شہید کے مشن کو اسی جوش اور عزم کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔
سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہر کارکن اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ یہ جمہوریت، مساوات اور عوام کی حکمرانی کی جدوجہد ہے جس کے لیے ہمارے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
