چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی میئر کراچی سے اہم ملاقات

چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی میئر کراچی  سے اہم ملاقات

؎کراچی: چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے میئر کراچی  مرتضیٰ وہاب سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں منگھوپیر ٹاؤن میں جاری ترقیاتی اسکیموں، بلدیاتی امور، اور عوامی سہولیات سے متعلق مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے میئر کراچی کو اے ڈی پی کے تحت منگھوپیر ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ جاری اسکیموں کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوامی سہولت کے منصوبے جلد از جلد مکمل ہو سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، سیوریج لائنوں کی تبدیلی، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و تنصیب، صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری، اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔ تاہم بعض منصوبوں کو درپیش رکاوٹوں کے حوالے سے بھی چیئرمین نے میئر کراچی کو تفصیلاً آگاہ کیا۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ عوامی خدمت حکومتِ سندھ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا واضح منشور ہے، اور منگھوپیر ٹاؤن انتظامیہ اسی وژن کے مطابق دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منگھوپیر ایک تاریخی علاقہ ہے جو کراچی کے لیے نمایاں حیثیت رکھتا ہے

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حاجی نواز علی بروہی ایک فعال، باصلاحیت اور عوام دوست نمائندے ہیں جو اپنی نگرانی میں کام مکمل کرواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام ٹاؤنز میں ترقیاتی منصوبوں کو حکومتِ سندھ کی پالیسی کے مطابق شفاف اور تیز رفتار انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایت ہے کہ شہر کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو بلا امتیاز جاری رکھا جائے، عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں، اور تمام منصوبوں کی نگرانی خود مقامی نمائندے کریں تاکہ عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔

انہوں نے اس موقع پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ منگھوپیر ٹاؤن کے ترقیاتی اور بلدیاتی معاملات میں چیئرمین حاجی نواز علی بروہی  کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ہر ممکن تعاون یقینی بنائیں۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ عوامی خدمت کے لیے ہر وقت سرگرمِ عمل ہے اور منگھوپیر کو ایک صاف، روشن اور ترقی یافتہ ٹاؤن میں تبدیل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  پیور بلاک کے منصوبہ، نالہ صفائی مہم، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور واٹر سپلائی اسکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جا رہی ہیں۔ ان منصوبوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے آخر میں کہا کہ ایسے نمائندے بلدیاتی نظام کا اثاثہ ہیں جو عوام کے درمیان رہ کر مسائل سنتے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منگھوپیر ٹاؤن کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کو وہ خود مانیٹر کریں گے اور ضرورت پڑنے پر موقع پر جا کر جائزہ لیں گے۔

ملاقات کا اختتام باہمی اعتماد، عزمِ خدمت اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کے ساتھ ہوا

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں