چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع نے 5 کروڑ روپے سے زائد کی اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھ دیا
کراچی: جناح ٹاؤن نے ٹاؤن چیئرمین رضوان عبد السمیع کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں تیزی کردی ہے اس سلسلے میں یوسی 4 قریشی چوک فاطمہ جناح کالونی میں ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد کے موقع پر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی ٹاؤن چیئرمین رضوان عبد السمیع تھے۔
تقریب کا آغاز حمد و ثناء سے کیا گیا، جس میں جناح ٹاؤن کے کونسل اراکین، جماعت اسلامی کے علاقائی عہدیداران اور اہل محلہ نے بڑے تعداد میں شرکت کی۔
چیئرمین رضوان عبد السمیع نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے دو سال قبل ایماندار اور خدمت گزار قیادت کو منتخب کر کے جس دانش مندی کا مظاہرہ کیا تھا، آج اس کے ثمرات سڑکوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس، پانی اور سیوریج لائنوں سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کی صورت میں سب کے سامنے ہیں۔ مسلم آباد، مارٹن کوارٹرز، فاطمہ جناح اور حیدرآباد کالونی سمیت ٹاؤن کی تمام یوسیز میں ترقی کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ برس میں عوام کو نمایاں تبدیلی اور سہولیات میں واضح فرق محسوس ہوگا۔
چیئرمین یوسی 4 راؤ عاطف شبیر نے کہا کہ اب تک 3100 پانی کی پائپ لائنیں تبدیل کی جا چکی ہیں، پونے دو کلومیٹر طویل سڑک اور آٹھ گلیوں کی تعمیر پر کام جاری ہے جبکہ فاقی مسجد سے اسلامیہ کالج تک نئی سڑک بچھانے کا منصوبہ بھی تکمیل کے قریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں میں وائس چیئرمین ضیاء الحق درویش کا خصوصی کردار ہے اور اگلے دو سے تین ماہ میں عامر کالونی، اسلامیہ کالج اور مسلم آباد کی گلیوں کی تعمیر مکمل کر دی جائے گی۔ لیبر کونسلر یوسی 4 راؤ کاشف نے کہا کہ جناح ٹاؤن انتظامیہ نے واٹر بورڈ اور دیگر اداروں پر انحصار کیے بغیر اپنے فنڈز سے سیوریج اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبے مکمل کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی قیادت حقیقی عوامی خدمت اور عملی ترقی کا ثبوت دے رہی ہے۔
