کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ، رکن سندھ اسمبلی و صدر پیپلز پارٹی ضلع ملیر راجہ عبدالرزاق بلوچ، جنرل سیکریٹری (پی ایس 85) کونسل ممبر عبد الستار جوکھیو، پارلیمانی لیڈر و کونسل ممبر میر عباس ٹالپور، کونسل ممبر علی محمد گبول، میونسپل کمشنر احمد یار اور دیگر عہدیداران نے مون سون بارشوں کے باعث گڈاپ ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔
اس موقع پر نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بارشوں کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے رین ایمرجنسی سینٹر قائم کر دیا گیا ہے اور عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ گڈاپ ٹاؤن میں بارشوں کے دوران عوام کو مشکلات کا سامنا ہرگز نہیں کرنے دیں گے, رین ایمرجنسی پلان کے تحت تمام ادارے اور عملہ ہائی الرٹ پر ہیں, نشیبی علاقوں میں نکاسیِ آب کے لیے جدید مشینری اورڈی واٹرنگ پمپس فعال کر دیئے گئے ہیں, میں خود اور کونسل ممبران فیلڈ میں موجود رہ کر نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوام کو 24 گھنٹے فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ عوام سے گزارش ہے کہ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں، بارش کے دوران کچرا نالیوں میں نہ پھینکیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ نکاسی آب کے کام میں رکاوٹ نہ آئے
رکن سندھ اسمبلی و صدر پیپلز پارٹی ضلع ملیر راجہ عبدالرزاق بلوچ نے کہاکہ گڈاپ ٹاؤن اور ملیر کے عوام کی مشکلات کو کم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، نکاسی آب کے تمام ادارے اور ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی علاقے میں پانی جمع نہ رہ سکے
میونسپل کمشنر احمد یار نے کہا کہ تمام سینیٹیشن اور (ایم اینڈ ای) کا عملہ فیلڈ میں موجود ہے جبکہ نکاسی آب کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس اور دیگر مشینری بھی مکمل طور پر متحرک ہے، گڈاپ ٹاؤن کی عوام کے تعاون سے نکاسی آب کے انتظامات تسلی بخش انداز میں جاری ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر سینیٹیشن اشرف بلوچ،سپریٹنڈنٹ انجینئر (ایم،اینڈ،ای) نور علی جمالی،ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن محمد افضل لغاری،انچارج سینیٹیشن علی پلیجو،شانی پرویز اور دیگر بھی موجود تھے۔

