مومن آباد ٹاؤن میں "معرکہ حق” جشنِ آزادی پر شاندار آتش بازی
کراچی:ٹاؤن میونسپل کارپوریشن مومن آباد ٹاؤن کی جانب سے جشنِ آزادی کے موقع پر "معرکہ حق” کے عنوان سے شاندار اور پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کیک کٹنگ اور مسحور کن آتش بازی کا زبردست مظاہرہ ہوا۔ آسمان رنگوں اور روشنیوں سے جگمگا اٹھا، جبکہ فضا پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد اور آزادی کے نعروں سے گونج اٹھی۔ عوام کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے تقریب میں شرکت کی اور وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
تقریب میں ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان، سید زین علی شاہ، پارلیمانی لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی اسد امان اللہ اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر صلاح الدین یوسف ذئی بلدیاتی افسران موجود تھے۔ مہمانوں نے مل کر جشنِ آزادی کا کیک کاٹا اور اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ملک عارف اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جو لاکھوں جانوں کی قربانی سے حاصل ہوئی، اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ بھارت کو حالیہ معرکے میں منہ توڑ جواب دینے پر ہم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں، یہ کامیابی قوم کے حوصلوں کو بلند اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیتی ہے۔
سید زین علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ ہماری بہادر فوج نے ہر محاذ پر بھارت کو ناکامی کا سامنا کرایا اور اس کا غرور توڑ دیا۔ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ جب قوم اور فوج ایک ساتھ ہوں تو کوئی طاقت ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتی۔اسد امان اللہ نے کہا کہ پاک فوج نے جس جرات، حکمت اور قربانی سے دشمن کو عبرت ناک شکست دی ہے، وہ ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے۔ بھارت کو یہ پیغام مل گیا ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر آنچ آنے نہیں دی جائے گی۔
صلاح الدین یوسف ذئی نے کہا کہ جشنِ آزادی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ وطن کس قیمت پر حاصل ہوا۔ آج پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہمارا عزم اور حوصلہ ناقابلِ شکست ہے۔ ہمیں فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنا ہوگا۔شرکاء کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ آتش بازی کے رنگین پھول جب آسمان پر بکھرتے تو بچے، نوجوان اور بزرگ سب ایک ساتھ تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کرتے۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔
