منگوپیر ٹاؤن میں 78 ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں "معرکۂ حق” کے عنوان سے شاندار تقریبات کا انعقاد

منگوپیر ٹاؤن میں 78 ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں "معرکۂ حق” کے عنوان سے شاندار تقریبات کا انعقاد

کراچی: منگوپیر ٹاؤن میں پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں "معرکۂ حق” کے عنوان سے منگو پیر کی  تاریخ کی سب سے شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جو عوامی جوش و خروش، حب الوطنی کے جذبات اور رنگا رنگ مناظر سے سجی رہیں۔ یہ تقریبات کئی دن پہلے سے جاری تیاریوں کا عملی نتیجہ تھیں، جس میں منگو پیر  ٹاؤن کی ہر گلی، چوراہا، اور بازار سبز و سفید پرچموں، جھنڈیوں، برقی قمقموں اور روشنیوں سے جگمگا رہا تھا۔

13اگست کی رات گھڑی نے جیسے ہی بارہ بجائے، منگوپیر ٹاؤن کا آسمان رنگا رنگ آتشبازی سے روشنیوں کا سمندر بن گیا۔ بالکل 12:00 بجے آتشبازی کا آغاز ہوا اور سبز، سفید اور سنہری رنگوں کی روشنیوں نے فضا کو جگمگا دیا۔ ہر طرف "پاکستان زندہ باد” کے نعروں کی گونج اور عوام کی خوشیوں نے اس رات کو یادگار بنا دیا۔ آتشبازی دیر تک جاری رہی اور عوام نے آزادی کی خوشی میں سڑکوں پر جشن منایا۔

14اگست کی  صبح منگو پیر ٹاؤن کے ہیڈ آفس  میں جشن آزادی معرکہِ حق  کی  تقریب  منعقد ہوئی  جس میں اراکین کونسل، محکمہ جاتی افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد بھی موجود   تھی تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک سے ہوا  جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ قومی ترانے ختم ہوتے ہی  چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی وائس چیئرمین رانا محمد عارف میونسپل کمشنر آغا خلیق اراکین کونسل محکمہ جاتی   افسران سب نے مل کر  فضا میں سبز ہلالی پرچم بلند کیا، اس کے بعد پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی ۔

اس موقع پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا "یومِ آزادی ہمارے لیے خوشی کا دن ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عہد کی تجدید بھی ہے۔ یہ وہ دن ہے جب ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ ہم نے اس وطن کو کیا دیا ہے اور آئندہ اس کی خدمت کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔ پاکستان ہماری پہچان، ہمارا فخر اور ہماری ذمہ داری ہے۔”

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے 14 اگست کے حوالے سے شاندار انتظامات کرنے والے افسران اور بھرپور محنت کرنے والے ملازمین کو اعزازی  شیلڈ پیش کر کے ان کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر شرکاء نے بھرپور تالیوں سے ان محنتی افسران اور ملازمین  کا شکریہ ادا کیا۔

مرکزی تقریب میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں ہونے والے تمام کھیلوں کے فاتحین کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ ان میں سائیکل ریس، کراٹے، گدھا گاڑی ریس، کرکٹ اور فٹبال ٹورنامنٹ کے جیتنے والے شامل تھے۔ چیئرمین حاجی نواز علی بروہی  نے ان کھلاڑیوں کو اعزازی  شیلڈ اور تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیے، اور کہا:

"جس طرح آپ نے میدانِ کھیل میں محنت، یکجہتی اور ٹیم ورک سے کامیابی حاصل کی، اسی جذبے کو ہمیں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنانا ہوگا۔

بعد ازاں، محمد حسین گورنمنٹ  اسکول  سرجانی ٹاؤن میں جشنِ آزادی کی ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسول ﷺ سے ہوا،اس کے بعد   بچوں نے حب الوطنی سے بھرپور ٹیبلو، ملی نغمے، تقریریں  پیش کی۔   چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے بچوں میں  اسکول یونیفارم تقسیم کیے، جس پر طلبہ کے چہرے خوشی سے دمک اٹھے۔ چیئرمین حاجی نواز علی بروہی  نے بچوں کے ساتھ جشنِ آزادی کا خصوصی کیک بھی کاٹا تقریب کے اختتام پر اسکول احاطے میں شجرکاری بھی کی گئی، تاکہ آزادی کے دن کو ہریالی اور تازگی کی علامت کے طور پر یاد رکھا جا سکے۔

اس موقع پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا:”آزادی قربانی کا نتیجہ ہے۔ ہمیں یہ ملک آسانی سے نہیں ملا بلکہ لاکھوں جانوں کی قربانی سے حاصل ہوا ہے۔ نوجوان نسل پر یہ ذمہ داری ہے کہ وہ علم، کردار اور محنت کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرے۔ اگر ہم سب مل کر ایمانداری سے کام کریں تو کوئی طاقت ہمیں ترقی سے نہیں روک سکتی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ اور اساتذہ کا جذبہ دیکھ کر یقین ہوتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

دوپہر میں ایک عظیم الشان آزادی ریلی نکالی گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ریلی کی قیادت چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نےکی ان کے   ہمراہ   وائس چیئرمین رانا محمد عارف، میونسپل  کمشنر آغا خلیق ، جاوید بروہی، شبیر بروہی، شکور مینگل، اعظم مینگل اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت  کی۔

ریلی میں شرکاء نے قومی پرچم لہرائے، ملی نغمے گائے اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کے اختتام پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا:

"آج منگوپیر ٹاؤن کے عوام نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم صرف الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے پاکستان کے وفادار ہیں۔ یہ جذبہ اگر پورے ملک میں پھیل جائے تو پاکستان ترقی، امن اور خوشحالی کی منزل ضرور حاصل کرے گا۔”

منگوپیر ٹاؤن میں ہونے والی ان شاندار تقریبات کو عوام نے منگو پیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جشنِ آزادی” قرار دیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں