وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کلین انرجی کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ کلین اور قابل تجدید توانائی ہماری بقا اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔پنجاب کو فوسل فیول سے نجات دلا کر صاف اور سبز توانائی کے دور میں داخل کررہے ہیں-پنجاب میں روایتی توانائی کے انفراسٹرکچر کو تبدیل کرنے کے لیے سی ایم سولر پینل پروگرام متعارف کرایا ہے-
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سی ایم سولر پینل پروگرام شہریوں کے معاشی بوجھ کو کم کرے گا اور انرجی سیکٹر میں انقلاب لاۓ گا-زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کے منصوبے سے کسانوں کو صاف اور سستی توانائی فراہم کی جائے کی۔ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی کلین انرجی متعارف کرانے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ پنجاب میں ای-وہیکل رجیم متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ دھوئیں اور آلودگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔طلبہ کو ای-بائیکس دی ہیں جو نہ صرف ماحول دوست ہیں بلکہ ایندھن کے اخراجات کو بھی کم کرتی ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب نے حال ہی میں 27 الیکٹرک بسیں حاصل کی ہیں اور مزید 500 الیکٹرک بسوں کا آرڈر دے دیا ہے-حکومت پنجاب نے ملک کی پہلی جامع ماحولیاتی پالیسی متعارف کروائی ہے کلین انرجی اسکا لازمی جز ہے-بشمول وزیرِاعلیٰ آفس پنجاب کے کئی سرکاری دفاتر کو قابل تجدید توانائی پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ کلین انرجی آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے ۔
