کراچی۔ پی اے سی نے سندھ بھر کی لوکل کونسلز، ٹاؤن و میونسپل کمیٹیز اور یوسیز کی کارکردگی سوالیہ نشان قراردے دی۔
پی اے سی نے محکمہ بلدیات کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری سے سندھ بھر کی میونسپل کارپوریشنز،ضلع کونسلز، ٹاؤن و میونسپل کمیٹیز اور یوسیز کو ماہانہ جاری ہونے والے او زی ٹی فنڈز، اخراجات اور کونسلز کے تمام ملازمین کی ڈیٹا پر مبنی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
پی اے سی نے لوکل کونسلز میں 80 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات پیٹرول پر خرچ کئے جانے کے معاملے کی ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔
پی اے سی کا اجلاس چیئرمین نثار کھوڑو کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے رکن مخدوم فخرالزمان سمیت سکھر ڈویزن کی ضلع کونسلز کے چیف آفیسرز، میونسپل کمیٹیز کے چیف میونسپل آفیسرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں سکھر ڈویزن کی لوکل کونسلز کی سال 2019سے سال 2022ع تک آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں میونسپل کمیٹی پنوعاقل کیجانب سے سالانہ پیٹرول پر 80 لاکھ روپے اور گاڑیوں کی مینٹیننس پر 10 لاکھ روپے خرچ کرنے کا انکشاف۔
سی ایم او پنوعاقل نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی پنو عاقل کے چیئرمین صرف ماہانہ 600 لیٹر پیٹرول استعمال کرتے ہیں باقی میونسپل کمیٹی کی 17 گاڑیوں کو پیٹرول دیا جاتا ہے۔
چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو نے کہا کہ وزراء کی پیٹرول کی لمٹ بھی ماہانہ 3 سے 4 سو لیٹر سے زائد کی نہیں ہے تو چیئرمین میونسپل کمیٹی کیسے ماہانہ 600 لیٹر پیٹرول استعمال کر رہے ہیں۔
پی اے سی چیئرمین نے لوکل کونسلز میں پیٹرول پر سالانہ 80 لاکھ روپے خرچ ہونے والے معاملے کی ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات کو انکوائری کا حکم دے دیا۔ پی اے سی نے میونسپل کمیٹی پنوعاقل کیجانب سے 79 لاکھ روپے ٹیکس کی مد میں وصول۔کرنے کے باوجود سرکاری خزانے میں جمع نہ کرانے کا نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی کو 15 دن میں ٹیکس کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
پی اے سی نے میونسپل کمیٹی پنوعاقل کیجانب سے منظوری کے بغیر 63 ڈیلی ویجز ملازمین کی بھرتیاں کرنے پر اور اس وقت کے متعلقہ افسر کو معطل کرنے کا حکم جاری کردیا۔پی اے سی نے ضلع کونسل گھوٹکی کیجانب سے ٹینڈرز کے بغیر 3 کوٹیشنز پر کروڑ روپے خرچ کرنے پر برھمی کا اظھارکیا
لوکل کونسلز میں 95,95 ہزار کی کوٹیشنز پر رقم نکالنا معمول بن گیا ہے اب یہ طریقہ نہیں چلے گا۔ چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو
اجلاس میں روھڑی میونسپل کمیٹی میں 772 ملازمین ہونے اور ماہانہ 7 کروڑ 54 لاکھ کا او زی ٹی فنڈ جاری ہونے کا انکشاف ہوا جس کے بعد پی اے سی چیئرمین نثار کھوڑو نے سندھ بھر کی کی میونسپل کارپوریشنز،ضلع کونسلز، ٹاؤن و میونسپل کمیٹیز اور یوسیز کو ماہانہ جاری ہونے والے او زی ٹی فنڈز، اخراجات اور کونسلز کے تمام ملازمین کی ڈیٹا پر مبنی تفصیلات محکمہ بلدیات سے طلب کرلی۔
