کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن صدر کراچی کے محکمہ باغات کے زیراہتمام آرام باغ پارک میں فلاور شو کا انعقاد کیا گیا گیا۔5جنوری تک جاری نمائش میں گل داؤدی، گیندے، جعفری، سدابہار،پٹونیا اور ڈیلیاسمیت دیگر رنگ برنگے موسمی پھولوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا اس موقع پر چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے ٹاؤن وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا اور میونسپل کمشنر نور حسن جوکھیو کے ہمراہ فلاور شوکاافتتاح کیا
مختلف یوسیز کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز، ٹاؤن کونسلرز،افسران سمیت عوام خصوصا فیملیز کی ایک بڑ ی تعداد نے شرکت کی
اس موقع پر چیئرمین منصور احمد شیخ کاکہنا تھا کہ ہم جہاں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے اہداف طے کرکے پورے صدر ٹاؤن میں تسلسل کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرارہے ہیں وہیں شجر کاری اور پھولوں کی نمائش جیسے اقدامات سے پورے صدر ٹاؤن میں ایک گرین انقلاب برپا کرنے جارہے ہیں پاکستان میں پہلی بار پلاسٹک سے تعمیر ہونے والی سڑک، بوٹ بیسن پر عوام کیلئے فری وائی فائی کی سہولت سمیت دیگر سہولیات کودستیاب وسائل کا استعمال کرتے ہوئے عوامی خدمت کا سفرجاری رکھے ہوئے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ عوام کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور افادیت کی پذیرائی کی جارہی ہے۔
چیئرمین منصور احمد شیخ کاکہنا تھا کہ پھول اور پودے ماحولیاتی آلودگی کو کم کر کے فضاء کو تازگی بخشتے ہیں جس کے انسانی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ایک بہتر قوم کی تشکیل کیلئے آلودگی سے پاک ماحول کی موجودگی اہمیت کی حامل ہے ہمارامشن ہے کہ ہم اپنی آئندہ نسل کوایک صحت مندانہ اور پرفضاماحول فراہم کریں ٹاؤن وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا کاکہنا تھا کہ محدودوسائل کے باوجود عوام کی تفریح طبع کیلئے پارکوں اور مونومنٹس کی تزئین وآرائش کے کام تواترکے ساتھ مکمل کئے جارہے ہیں تاکہ عوام میں ایک خوشگوار احساس پیدا ہو۔
میونسپل کمشنر نورحسن جوکھیو نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل ہر شہری کیلئے تکلیف دہ ہیں اور ہم اجتماعی کوششوں سے اپنے ٹاؤن اور شہرکومثالی بنانا چاہتے ہیں مسائل کی بات کرنے کے ساتھ اور انکے حل کی انفرادی واجتماعی کوشش بھی ہونی چاہئے اس موقع پر فلاور شو میں آئی فیملیز کاکہنا تھا کہ پھولوں کی نمائش صدر ٹاؤن کا ایک احسن اقدام ہے جسے مستقل بنیادوں پرجاری رکھنا چاہیے فلاور شو کیلئے آرام باغ پارک کو رنگین برقی قمقموں اور بینرزسے سجایاگیا لوگوں اور خصوصاً فیملیزکیلئے کھانے پینے کے خصوصی اسٹالزلگائے گئے جبکہ خواتین کیلئے مفت مہندی لگانے اور بچوں کی تفریح طبع کیلئے مفت فیس پینٹنگ اور کارٹون کریکٹرز وغیرہ کا بھی اہتمام کیاگیا
