اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی ) کی حالیہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں، پاکستان کے مینو فیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ 2 فیصد سے 6 فیصد پر آگئی
شہباز شریف کا کہا تھا کہ جبکہ سروسز سیکٹر کی گروتھ 7 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد ہو گئی ہے جو کہ ایک نمایاں کامیابی ہے۔سیمنٹ، آٹو سیکٹر، فرٹیلائزرز اور پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، یہ نتائج عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ رپورٹ اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک امید افزا اور قابل اعتماد منزل ہے، گزشتہ چند ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ برآمدات اور ریکارڈ ترسیلات زر کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ترجیح ہے، حکومتی بہتر معاشی پالیسیوں اور معاشی ٹیم کی محنت کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں۔
