پشاور: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پشاور گیریژن کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کو موجودہ سکیورٹی صورتحال اور خطے میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنزکی پیشرفت پر جامع بریفنگ دی گئی
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپخونخوا علی امین گنڈا پور اور فیلڈ کمانڈرز بھی موجود تھے۔آرمی چیف نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی بےمثال قربانیوں کو اجاگرکیا اور شہدا اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دشمن دہشت گردوں کے نیٹ ورک ختم کرنےکے عزم کو دہرایا اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیرقانونی عناصرکو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
