موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے والے گھر بنا رہے ہیں:مراد علی شاہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کےلیے ایسے گھر بنا رہے ہیں جو موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرسکیں، ہم نے نیپال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اب سیلاب متاثرین کےلیے گھر بنانے کا پروجیکٹ دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ بن چکا ہے اور مزید گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ 2025 تک جب یہ پروگرام مکمل ہوگا تو ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کےلیے چھت مہیا کرے گا، ان میں سے اکثریت بچوں کی ہوگی۔

یہ باتیں انہوں نے عالمی یوم اطفال کے حوالےسے یونیسیف پاکستان کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئےکہی، آرٹس کونسل کراچی میں ہونے والے پروگرام کا عنوان’مستقبل کو سنو‘ تھا۔ وزیر تعلیم سردار شاہ، یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فاضل ،  یو این ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحیٰ اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے جو اس ملک کے سب سے نوجوان لیڈر ہیں۔ ہم اس بات کا عزم کیے ہوئے ہیں کہ بچوں کےلیے ایک بہتر دنیا اور بہتر سندھ چھوڑ کر جائیں۔ بچے مضبوط پاکستان کے معمار ہیں ، ان کی صحت اورترقی ہماری اجتماعی ترجیح ہونی چاہیے۔  وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ ورلڈ چلڈرن ڈے پاکستان کےلیے اہم موقع ہے، ہر بچے کو روشن مستقبل دینے کےلیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اپنی تقریر کا آغاز سندھ ، پاکستان اور دنیا بھر کے بچوں کو چلڈرن ڈے کی مبارکباد سے کیا اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کےلیے سندھ کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیسیف اور اقوام متحدہ کے دیگر شراکت داروں کی مدد سے حکومت یہ یقینی بنائے گی کہ ہر بچے کو جائز سہولیات مل سکیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تقریب میں تمام علاقوں کے بچوں کی شرکت کو سراہا اور کہا کہ یہ قومی یکجہتی اور قوت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے یونیسیف اور دیگر ایجنسیوں کے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں پاکستان کی مدد کےلیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اقوام متحدہ کی ایس ڈی جی اہداف میں شمولیت کا مقصد نوجوانوں کو ترجیح دینا ہے تاکہ وہ خوشحال مستقبل حاصل کرسکیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ساڑھے پانچ کروڑ آبادی کے سندھ میں دو کروڑ سے زیادہ بچے ہیں جو مضبوط قوم کی بنیاد فراہم کرتے ہیں ان کی صحت، تعلیم اور مجموعی ترقی ہماری اجتماعی ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے یونیسیف کی قومی سفیر صبا قمر کو بھی خوش آمدید کہا اور کہا کہ ان کے حالیہ دورہ سندھ سے بچوں کے حقوق کی اہمیت کے بارے میں آگاہی میں مدد ملی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے غذائی قلت اور پینے کے پانی جیسے اہم ایشوز پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ یقینی بنانا ہوگا کہ تمام بچوں کی محفوظ نشونما ہو اور انہیں سازگار ماحول میسر ہو۔

وزیراعلیٰ سندھ نے یونیسیف کے ورلڈ چلڈرن ڈے 2024 کے پیغام ’’ مستقبل کی سنو‘‘ کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بچوں کے حقوق کا احترام کیا جائے تو بہتر مستقبل کا حصول ممکن ہے۔ انہوں نے یونیسیف کا کراچی میں پروگرام کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ  سندھ اور دنیا بھر کے بچوں کو روشن مستقبل کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں