کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد کے ہمراہ پارکوں کا دورہ۔پردہ پارک سیکٹر فائیوسی ٹو،بزرگان پارک سیکٹر فائیوسی تھری اور قائد پارک سیکٹر فائیو اے تھری میں جاری تزین و آرائش کا جائزہ لیا۔
اس موقع پراسسٹنٹ ڈائریکٹر باغات جاوید جمال،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر،انجینئر ماجد حسن،انجینئرصفدر و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین محمد یوسف نے پارکوں میں جاری تزین و آرائش کا معائنے کے دوران افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تزین و آرائش کے کام میں استعمال ہونے والے میٹریل کا خاص خیال رکھا جائے اور پارکوں کی بحالی کا کام جلد مکمل کرکے عوام کے حوالے کیا جائے۔ الحمد اللہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے اہلیان نیو کراچی ٹاؤن کو صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے پارکوں کی بحالی کا کام شروع کیا ہے اور اب تک نیو کراچی ٹاؤن کے 16 پارکوں کو تزین و آرائش کے بعد عوام کے سپرد کیاجا چکا ہے جبکہ دیگر پارکوں میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاون میں موجود پارکس اور پلے گراونڈ کا معائنہ کرنے کا مقصد، پارکس و پلے گراؤنڈز میں مہیا کی جانے والی بنیادی عوامی سہولیات کا جائزہ لینا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پارکوں میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار جھولوں کی تبدیلی کاکام بھی جاری ہے جبکہ پارکس میں خواتین کے لئے واکنگ ٹریکس اور بزرگوں کے بیٹھنے کے لئے خوبصورت اور معیاری بنچیزلگائی جائیں گی۔ نوجوانوں اور بچوں کے لئے کھیل کے میدانوں کو ہموارکیا جارہا ہے اور اطراف میں کیاریاں بنائی جارہی ہیں ان کیاریوں میں گھاس اور پھولدار پودے لگائے جا رہے ہیں تاکہ یہ زیادہ خوبصورت اور خوشنما نظر آئیں۔
