کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین سندھ لوکل گورنمنٹ کمیشن سعید غنی کی زیر صدارت سندھ لوکل گورنمنٹ کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ سید خالد حیدر شاہ، سیکرٹری قانون علی احمد بلوچ، ارکان کمیشن عبدالرحیم سومرو، وسیم احمد ارسانی اور ڈی جی کمیشن ذوالفقار علی نظامانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں کے ایم سی اور چنیسر ٹاؤن کے مابین حدود کے مختلف معاملات پر چنیسر ٹاؤن کے چیئرمین فرحان غنی اور میونسپل کمیشنر اقرار جلبانی جبکہ کے ایم سی کی جانب سے میونسپل کمیشنر افضال زیدی موجود تھے، تاہم کمیشن نے اس ایجنڈے کو آئندہ سماعت تک موخر کردیا۔
اجلاس میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ابراہیم حیدری کے مابین وینچنگ اور ہیلتھ ٹیکس کی وصولی پر گڈاپ ٹاؤن کی جانب سے کمیشن کے فیصلے ہے برخلاف ٹینڈر کرنے پر کمیشن نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ گڈاپ ٹاؤن نے کمیشن کے فیصلے کے برخلاف ٹینڈر پروسیس کیا اور اس میں وینچنگ اور ہیلتھ ٹیکس دونوں کا ٹینڈر کیا، جو کمیشن کے فیصلے کے برخلاف ہے، اس لئے کمیشن فوری طور اس ٹینڈر کو منسوخ کرنے، گڈاپ ٹاؤن کو شوکاز نوٹس جاری کرنے اور جو ریکوری کی گئی ہے، اس کو واپس کرنے کی ہدایات دیتی ہے، ایسا نہ کرنے پر ان کی او زی ٹی سے رقم کی کٹوتی کی جائے گی۔ اجلاس میں شاہ فیصل ٹاؤن اور کورنگی ٹاﺅن کے مابین حدود کے معاملے پر ممبران نے اپنی رپورٹ پیش کی، جس کے مطابق دونوں ٹائونز کے چیئرمینز سے اجلاس کئے گئے اور ان کے موقف کو دیکھا گیا ہے، اجلاس میں اس معاملے کی قانونی حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایات دی۔
