کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھو پیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نےحب کنال سے پانی ضائع ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا پانی اللہ کی نعمت ہےپانی کی کمی کے اس دور میں اس کا ضیاع انتہائی تشویشناک ہے۔
ٹاؤن چیئرمین نے حب کنال سے ضائع ہونے والے پانی اور اس سے درپیش مسائل کا دورہ کیا، اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے حاجی نواز علی بروہی کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف زراعت کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ ماحولیات پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے جس سے مختلف قسم کی بیماریاں جنم لیتی ہیں،اس مسئلے کے فوری حل کے لیے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو جدید تکنیکی طریقے اپنانے لیکیج کی مرمت اور پانی کے ذخائر کے بہتر انتظام کی ضرورت پر زور دیا۔
ٹاؤن چیئرمین نے مزید کہا کہ کنالوں کی بہتر دیکھ بھال اور ان کی مرمت وقتاً فوقتاً ضروری ہے تاکہ پانی ضائع نہ ہو اور متعلقہ محکمے کو ہدایت دی کہ پانی کی نگرانی کے نظام کو جدید بنایا جائے تاکہ ضیاع کو کم کیا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال عوام کی سہولت اور زرعی مقاصد کے لیے کیا جا سکے۔
اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کی کہ پانی کی بچت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں اور اس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے پانی کے بہتر استعمال کو یقینی بنائیں۔
ٹاؤن چیئرمین منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور مستقبل میں پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
