اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت مثبت سمت کی جانب گامزن ہے، معیشت بہتر جب کہ مہنگائی اور شرح سود میں کمی آرہی ہے
میڈیا سہولت سینٹر کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم کردار ادا کررہا ہے ہمارا ملک اب دنیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، ایس سی او کانفرنس سے ملک میں سرمایہ کاری آٗے گی اور یہاں آنے والے مہمان اچھی یادیں لے کر جائیں گے۔ملائشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا، اس کے بعد سعودیہ عرب کے اعلیٰ سطح وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور اب چین کے وزیراعظم آج پاکستان آئے ہیں جس کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہونے والا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا لیکن ان سب باتوں سے ظاہر ہے کہ پاکستان اب تنہائی کا شکار نہیں رہا۔چینی وزیراعظم 11 سال بعد پاکستان آئے ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا، وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کے بعد سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوا۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دے گا، ایس سی او سربراہ اجلاس ایک بڑا ایونٹ ہے، پاکستان میں ایس سی او اجلاس کا انعقاد ہمارے لئے باعث اعزاز ہے، ایس سی او اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر میں سہولیات کی فراہمی پر وزارت اطلاعات کی پوری ٹیم کا مشکور ہوں۔ایس سی او کانفرنس کے پاکستان میں انعقاد سے پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بحال ہوا ہے، وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے، کوئی سیاسی جماعت پاکستان سے بڑھ کر نہیں، تحریک انصاف کی کال غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ہے انہیں احتجاج کرنا ہے تو اپنے گھروں میں بیٹھ کر کریں۔۔
