کراچی: منگھوپیر ٹاؤن کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے ڈسٹرکٹ ویسٹ کی تنظیم کے ہمراہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں منگھوپیر ٹاؤن کو درپیش مسائل خصوصاً منگھوپیر روڈ کی خستہ حالی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد حسین ستی، انفارمیشن سیکریٹری علی اکبر کاچھیلو، مفتی خالد، قاری فضل مولا اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے بتایا کہ منگھوپیر روڈ ایک دیرینہ مسئلہ ہے جو کئی دہائیوں سے حل طلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے متعدد فورمز پر آواز اٹھائی گئی، جس کے نتیجے میں S IDCL نے ایک سڑک کی تعمیر تو کی، تاہم یہ کام غیر معیاری تھا جبکہ دوسرا روڈ اب تک جوں کا توں موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس روڈ کی خستہ حالی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک جام اور حادثات میں اضافہ علاقے کے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
ملاقات کے دوران میئر کراچی نے مسائل کو غور سے سنا اور جلد از جلد ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے منگھوپیر روڈ کا جلد دورہ کرنے کا وعدہ بھی کیا، جس پر چیئرمین اور وفد نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
