کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے یو سی ٹو میں دی اسمارٹ اکیڈمی اسکول کی کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور جدید سہولیات فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ دورِ حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں کیونکہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے، اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آراستہ ہونا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر لیب جیسے منصوبے بچوں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ٹاؤن چیئرمین نے کہا کہ اسمارٹ اکیڈمی کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات تعلیمی نظام کو مضبوط بناتے ہیں اور بچوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم کی طرف لے جانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کی تربیت دلانے پر توجہ دیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منگھوپیر میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ آنے والی نسل کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ افتتاحی تقریب میں اسکول کے طلبہ، اساتذہ، والدین اور مقامی عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس اقدام کو سراہا۔
حاجی نواز علی بروہی نے اسکول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قدم نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ اختر لونڈ،جاوید بروہی، اسکول انتظامیہ علاقائی معززین بھی موجود تھے
