راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں پاک فوج اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک فوج اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 جوان بھی شہید ہوگئے۔
خوارج کے خلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کاروائی کی گئی اور لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔ شہید ہونے والے دیگر 5 جوانوں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
