کراچی میں منی اربن فاریسٹ کی ضرورت ہے ہماری کوشش ہے اس شجر کاری مہم میں نیو کراچی ٹاؤن میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے:چیئرمین محمد یوسف
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے شجر کاری مہم اپنے عروج پر۔منتخب بلدیاتی نمائندے شجر کاری مہم کے زریعے فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لئے کوشاں۔چیئرمین محمد یوسف نے میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ کے ہمراہ پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی پر قائم گرین بیلٹ پر پودا لگایا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر باغات جاوید جمال و دیگر افسران بھی موجود تھے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں آئندہ 10 روز تک شجر کاری مہم کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے۔نیو کراچی ٹاؤن کی ہر یوسی میں روزآنہ کی بنیاد پر پارکوں اور گرین بیلٹس پر پودے لگائے جارہے ہیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لئے کراچی نہیں بلکہ پورے ملک میں درخت لگانے کی ضرورت ہے،ماہرین کے مطابق کسی بھی ملک کے کل رقبے کا 12 فیصد رقبے پرپودے اور درخت ہونے چاہئیں،مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑھ رہا ہے کہ ہمارے ملک میں 3 سے 4 فیصد رقبے پر درخت موجود ہیں جو ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے ناکافی ہیں درختوں کی کمی کی وجہ سے درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے اور بارشوں کی مقدار میں کمی واقع ہورہی ہے اس وقت نا صرف پاکستان اور خاص طور پر کراچی میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پودے ان جگہوں پر لگائے جائیں جہاں ان کی حفاظت بھی ہو اور پانی بھی دیا جاسکے تاکہ یہ پودے خصوصی توجہ کے ساتھ پرورش پائیں اور تن آور درخت بن جائیں جو انسانی صحت کے لئے بے حد مفید ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود پرائیویٹ سیکٹر اور فلاحی تنظیمیں درخت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے شجر کاری مہم کا حصہ بنیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے نے مزید کہا کہ کراچی میں منی اربن فاریسٹ کی ضرورت ہے ہماری کوشش ہے اس شجر کاری مہم میں نیو کراچی ٹاؤن میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے جس کے لئے محکمہ باغات نیو کراچی ٹاؤن مصروف عمل ہے اور وہی ان کی حفاظت کرے گا اور اسی محکمے کی ذمہ داری ہوگی کہ ان پودوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کی بھی ذمہ داری ہے کہ ان پودوں کا خیال رکھیں اور ان پودوں کو نقصان نہیں پہنچائیں۔درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے یہ ایک ایسا صدقہ ہے جس کا ثواب مرنے کے بعد بھی ملتا رہتا ہے۔
