بجلی صارفین پر 95 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری
اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے بلز میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیپرا کو درخواست بھیج دی گئی
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رواں سال اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافے کی تیاری کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس اضافے کے نتیجے میں صارفین پر مجموعی طور پر 95 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نے نیپرا کو باضابطہ درخواست ارسال کردی ہے۔
نیپرا کو ارسال کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تینوں مہینوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ اوسطاً 3 روپے 4 پیسے اضافہ منظور کیا جائے۔ مجوزہ اضافہ ستمبر 2026 کے فیول ایڈجسٹمنٹ ریٹ کے مقابلے میں 67 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔
یاد رہے کہ نیپرا اس درخواست پر 2 دسمبر کو سماعت کرے گا، جس میں اضافے کی منظوری سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
