کراچی، ایڈمن سوسائٹی عمارت حادثہ، مزید 2 لاشیں برآمد، تعداد 15 ہوگئی
کراچی: شہر قائد کے علاقے بلوچ کالونی سے متصل ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی چھ منزلہ عمارت کے ملبے سے سرچ آپریشن کے دوران مزید دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 15 ہوگئی۔
ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان کے مطابق چودھویں لاش کی شناخت عباس علی ولد راہب خان جبکہ پندرھویں لاش کی شناخت محمد مفید ولد غمین گل کے نام سے ہوگئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین سے رابطہ کیا جارہا ہے،منوں ملبے تلے دبے مزید تین لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
چھیپا حکام کے مطابق متوفی عباس علی کی لاش کو قانونی کارروائی کے بعد چھیپا سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر چھ منزلہ رہائشی عمارت اچانک منہدم ہوگئی تھی۔
