آباد کے ممبران پروفیشنل بلڈرز ہیں ان کیخلاف ایکشن قبول نہیں کریں گے: حنیف گوہر
کراچی: چیئرمین آباد محمد حنیف گوہر نے کہا ہے کہ ہم پچھلے 4 روز سے وزیراعظم کے حکم کی تعمیل کیلئے کام کرہے ہیں ،ہم ایک جانب پاکستان کی ترقی کی بات کررہے ہیں۔ دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے ظالمانہ روئیہ اختیار کیا جارہا ہے۔ سندھ حکومت کے اقدام کی مذمت کرتا ہوں، وزیراعظم اس کا نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ سسٹم کے لوگ اس شہر میں ظلم و زیادتی کررہے ہیں ان کیخلاف ایکشن لیا جائے،بزنس کمیونٹی نے اس ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانا ہے۔ ہم چاہتے ہیں بیرونی ملک سے سرمایہ کاری پاکستان میں لائیں ،کئی افراد اس ملک سے اپنا کاروبار ختم کر چکے، سندھ حکومت کے اس اقدام سے کاروباری حضرات دل برداشتہ ہو جائیں گے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں آباد کے بلڈرز کی عمارتوں کو فلفور ڈی سیل کیا جائے۔ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ کنسٹرکشن انڈسٹری بند ہو جائے، یہ صنعت بند ہوئی تو لوگوں کا روزگار بند ہو جائے گا۔ ہم نہیں چاہتے پاکستان پیچھے چلا جائے۔ آباد کے ممبران پروفیشنل بلڈرز ہیں ان کیخلاف ایکشن قبول نہیں کریں گے۔
چیئرمین آباد حنیف گوہر نے کہا کہ دو روز قبل کراچی ایڈمن سوسائٹی میں رہائشی پلاٹ پر تعمیر کردہ عمارت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔وہاں گراؤنڈ پلس ون کی اجازت تھی، لیکن وہی ہوا جو ہونا تھا۔آباد نے ہمیشہ غیر قانونی تعمیرات کو رکنے کا مطالبہ کیا۔سندھ حکومت اور انتظامیہ معمول کے مطابق تبھی فعال ہوتے ہیں جب سانحہ رونما ہو جاتا ہے،لیاری سے لے کر گلبہار میں غیر قانونی تعمیرات کے منہدم ہونے کے واقعات پیش آئے، وہ پروفیشنل بلڈر نہیں تھے۔ کوئی شخص سسٹم کے ساتھ منسلک ہو کر خود کو بلڈر نہیں کہہ سکتا ۔عمر اور شانی، کراچی ایڈمن سوسائٹی میں ریئل اسٹیٹ ایجنٹ ہیں، انہوں نے پہلے بھی کئی غیر قانونی تعمیرات کیں۔
حنیف گوہر نے کہا کہ ماضی قریب میں بلاول بھٹو نے وزیر اعلیٰ سندھ کی سرپرستی میں ایک 5 رکنی کمیٹی بنائی تھی کہ بلڈرز کے مسائل حل کیے جائیں،جب اس کمیٹی میں امن و امان کی صورتحال پر بات ہی جا سکتی ہے تو اس معاملے پر بھی چیئرمین آباد کو بھی مدعو کر لیتے۔وزیرِ اعلیٰ صاحب کی یہ جلد بازی ہی تھی کہ ہمیں پریس کانفرنس کرنا پڑ گئی۔بلاول بھٹو سے درخواست ہے کہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور اس مسئلے کو حل کروائیں۔اگر سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے آرڈر پر عمل نہ کیا تو ہم مشاورت کے بعد توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔ایک 25 سے 30 منزلہ قانونی عمارت کی تعمیر کیلئے ایک بلڈر لاکھوں روپے کا بھتہ ادا کرتا ہے۔اس ملک میں کوئی بھی شخص بغیر پیسوں کے کام نہیں کروا سکتا۔انتظامی یونٹس کے حوالے سے جو طریقہ کار آئین میں متعین ہے، آباد ہاؤس کا وہی موقف ہے۔
