پاور سیکٹر میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور بجلی چوری کے مکمل خاتمے، تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ہر سطح پر مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت پاور ڈویژن کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس میں بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے پاور سیکٹر میں اصلاحات پر وزیر توانائی سردار اویس لغاری، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، سیکرٹری پاور ڈویژن فخر عالم اور پاور سیکٹر ٹاسک فورس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شعبے میں بہتری کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بلنگ سسٹم کا ٹیکنیکل آڈٹ کرانے، ان کی کارکردگی جانچنے کے لیے کلیدی کارکردگی اشاریے مرتب کرنے اور مقررہ ٹائم لائن کے ساتھ اہداف طے کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بہترین کارکردگی کی حامل ڈسکو کو اعزاز سے نوازا جائے گا، جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے مؤثر حل کے لیے گاؤں کی سطح پر سولرائزیشن کے منصوبے تیار کیے جائیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پچھلے مالی سال میں ٹرانسمشن اور ڈسٹریبیوشن لاسز کی مد میں سب سے کم نقصان اسلام آباد، لاہور اور گوجرانوالا کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہوا۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بجلی چوری کی روک تھام، ریکوری میں بہتری اور تکنیکی مسائل کے حل کے لیے مختلف ڈسکوز میں سپورٹ یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق ملتان، لاہور، پشاور، ہزارہ اور کوئٹہ ریجنز میں ایک کروڑ باسٹھ لاکھ سنگل فیز اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز پولیس اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
