فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کویت کے وزیرخارجہ کی ملاقات، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی جہاں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کےمطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے پاکستان میں متعین کویتی سفیر ناصر عبدالرحمان جے المطیری کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کویت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت، علاقائی امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کویت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک علاقائی امن اور خوش حالی کے حوالے سے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔
