میئر کراچی کا شہر بھر میں 139 سڑکوں کی بحالی کے لیے 14 ارب روپے کے میگا پروگرام پر عملدرآمد کا اعلان
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہر کی تاریخ کے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں سے ایک پر عملدرآمد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 ارب روپے کی لاگت سے کراچی کے تمام اضلاع میں 139 سڑکوں کی تعمیرِ نو اور بحالی کی جائے گی۔ اس جامع پروگرام میں اہم شاہراہوں کی تعمیر و مرمت، نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری، پانی کی فراہمی کی لائنوں کی بحالی اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت شامل ہے، جس سے شہری بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں اضافہ ہوگا۔
صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ کراچی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جہاں برسوں سے نظرانداز کیے گئے بنیادی ڈھانچے کو منصوبہ بندی، شفافیت اور مؤثر سرمایہ کاری کے ذریعے بحال کیا جا رہا ہے۔ اہم شاہراہوں اور شہری سہولیات کی بحالی، کراچی کو جدید، مربوط اور رہنے کے لیے موزوں میٹروپولیٹن شہر بنانے کے وسیع تر وژن کا حصہ ہے۔ کراچی کے عوام معیاری انفراسٹرکچر اور بہتر بلدیاتی خدمات کے مستحق ہیں۔ یہ منصوبے صرف سڑکوں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ عوام کے اعتماد کی بحالی، شہر کی شناخت کو دوبارہ اجاگر کرنے اور کراچی کے شہریوں کو وہ شہر واپس دینے کی کوشش ہیں جس کے وہ حق دار ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت، صدر آصف علی زرداری کی سرپرستی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی معاونت سے حکومت سندھ نے کے ایم سی کو بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کے لیے غیر معمولی تعاون فراہم کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد برسوں سے درپیش شہری مسائل کو بڑے پیمانے پر حل کرنا ہے۔ کراچی کو طویل عرصے تک نظرانداز کیا گیا، لیکن آج ہم عزم، منصوبہ بندی اور جوابدہی کے ساتھ اس شہر کی تعمیرِ نو کر رہے ہیں۔ ہر بحال ہونے والی سڑک اور ہر روشن ہونے والی شاہراہ عوامی خدمت اور کراچی کی بہتری کے ہمارے عزم کی عکاس ہے۔ میئر کراچی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ہر ترقیاتی منصوبے میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود خریداری کے عمل (پروکیورمنٹ) اور ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں گے تاکہ تمام منصوبے ایک سال کے اندر اعلیٰ ترین انجینئرنگ معیار کے مطابق مکمل کیے جا سکیں۔ میں خود ان منصوبوں کی پیش رفت کی نگرانی کروں گا تاکہ معیاری تعمیر، شفافیت اور بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اور منصوبوں کے آغاز سے تکمیل تک سامنے آنے والے ہر مسئلے کو فوری حل کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سڑکوں کی بحالی، نکاسیٔ آب، پانی کی فراہمی کی لائنوں اور برقی انفراسٹرکچر سے متعلق تمام ٹینڈرز قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ورک آرڈرز جاری کیے جائیں گے اور شہر بھر میں مرحلہ وار ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوگا۔
مشیر مالیات کے ایم سی گلزار علی ابڑو نے اجلاس کو بتایا کہ یہ ترقیاتی پروگرام کراچی کے تمام اضلاع پر مشتمل ہے، جس میں گورنمنٹ ایم این او ٹیکنیکل کالج روڈ (لانڈھی)، فضل الٰہی اسپتال روڈ (لانڈھی)، کورنگی انڈسٹریل ایریا اور شریف آباد کی اندرونی سڑکیں، ہیرا لال روڈ (صدر)، صدیق وہاب روڈ (صدر)، کشمیر روڈ، جوہر روڈ، نشتر روڈ، تین ہٹی روڈ سمیت مختلف ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کی متعدد اہم شاہراہوں کی بحالی شامل ہے۔ سڑکوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ شہر کی اہم شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹنگ کو بھی بیک وقت بحال کیا جائے گا تاکہ رات کے اوقات میں بہتر روشنی، ٹریفک کی روانی اور شہری ماحول میں بہتری لائی جا سکے۔ اس پروگرام میں شاہراہِ عطار (ضلع جنوبی)، شاہراہِ سعدی، فاطمہ جناح روڈ، زینب مارکیٹ روڈ اور ملحقہ سڑکیں، ایم اے جناح روڈ، شاہراہِ لیاقت، ڈاک خانہ روڈ (ضلع وسطی)، لیاقت آباد فلائی اوور، عائشہ منزل فلائی اوور، واٹر پمپ، سہراب گوٹھ فلائی اوور، 5000 روڈ، نواب صدیق روڈ، شاہراہِ ابنِ سینا، بندر روڈ (کیماڑی)، باچا خان فلائی اوور، رشید آباد روڈ، شاہراہِ قذافی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، سر شاہ سلیمان روڈ، لائنز ایریا، سپارکو روڈ، 1200 روڈ (کورنگی)، 10000 روڈ (لانڈھی)، 11000 روڈ (کورنگی) اور شہر کی دیگر اہم شاہراہیں شامل ہیں۔ میئر کراچی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی پائیدار بنیادی ڈھانچے کی فراہمی، شہری آمدورفت میں بہتری، مؤثر نکاسیٔ آب اور محفوظ و روشن سڑکوں کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ میگا ترقیاتی پروگرام کراچی کی جاری ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور ایک صاف، محفوظ، ترقی یافتہ اور خوشحال کراچی کی تعمیر کے لیے کے ایم سی کے عزم کی عملی تعبیر ہے۔ اجلاس میں مشیر مالیات کے ایم سی گلزار علی ابڑو، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال اور کے ایم سی کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
