صوبائی وزیر بلدیات اور میئر کراچی نے منور چورنگی انڈر پاس کا افتتاح کر دیا

صوبائی وزیر بلدیات اور میئر کراچی نے منور چورنگی انڈر پاس کا افتتاح کر دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منور چورنگی انڈر پاس کا افتتاح کر دیا، جس کے بعد اسے عوامی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں منتخب عوامی نمائندوں، اعلیٰ سرکاری حکام، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے افسران، انجینئرز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہر کے مصروف ترین تجارتی اور رہائشی علاقوں کو ملانے والے اس اہم منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آنے اور شہریوں کے سفری وقت میں کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ منور چورنگی انڈر پاس تقریباً 500 میٹر طویل جبکہ دوطرفہ ٹریفک کے لیے اس کی چوڑائی 24 فٹ رکھی گئی ہے۔

کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے اس منصوبے کو 16 ماہ کی مدت میں مکمل کیا، جس پر تقریباً 2 ارب روپے لاگت آئی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ منور چورنگی انڈر پاس کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ اس منصوبے کا باضابطہ افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کریں گے۔ کراچی کی ترقی، جدید شہری انفراسٹرکچر کی تعمیر اور ٹریفک کے دیرینہ مسائل کا حل سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے تحت شہر بھر میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر بیک وقت کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اہم شاہراہوں کی بحالی اور تعمیر کے لیے فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں جبکہ تمام ٹاؤن چیئرمین اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جہاں کہیں تعمیراتی معیار سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں وہاں تحقیقات جاری ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا ناقص کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سیاسی مقاصد کے لیے نئے صوبے کا شوشہ چھوڑتے رہتے ہیں، تاہم سندھ ایک وحدت ہے اور اسے تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو تباہ حال قرار دینے والے زمینی حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں، کیونکہ موجودہ حکومت نے شہر میں متعدد فلائی اوورز، انڈر پاسز، شاہراہوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے کھیلوں کے میدانوں پر قائم غیرقانونی شادی ہالز کا خاتمہ بھی موجودہ شہری انتظامیہ کی ایک اہم کامیابی ہے تاکہ عوام کو کھیلوں کی سہولتیں دوبارہ میسر آ سکیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر کراچی واقعی رہنے کے قابل شہر نہ ہوتا تو ملک بھر سے لاکھوں افراد روزگار، تعلیم اور بہتر مستقبل کی امید میں یہاں کا رخ نہ کرتے۔

اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی کارکردگی پر مطمئن ہو کر رک جانا نہیں بلکہ مزید محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے، کیونکہ ہمارا یقین ہے کہ "حرکت میں برکت ہے”۔ شہری موجودہ کارکردگی کا موازنہ ماضی کی صورتحال سے کریں، کراچی میں آج جس رفتار سے ترقیاتی منصوبے مکمل ہو رہے ہیں، اس کی مثال گزشتہ کئی برسوں میں نہیں ملتی۔

انہوں نے بتایا کہ منور چورنگی انڈر پاس کی تکمیل کے لیے 24 ماہ کی مدت مقرر کی گئی تھی، تاہم مؤثر منصوبہ بندی، مسلسل نگرانی اور متعلقہ اداروں کی شبانہ روز محنت کے باعث منصوبہ مقررہ مدت سے قبل مکمل کر لیا گیا، جو عوام سے کیے گئے وعدوں کی عملی تکمیل کا واضح ثبوت ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے مختلف اضلاع میں سڑکوں، فلائی اوورز، انڈر پاسز، پارکس، کھیلوں کے میدانوں اور دیگر شہری سہولتوں کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ انڈسٹریل پارک کا افتتاح بھی جلد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ آئندہ ایک سال کے دوران کراچی میں ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز ہوگی اور شہری شہر میں واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔ ڈسکو بیکری چورنگی پر ٹریفک کے دباؤ کے باعث فلائی اوور تعمیر کرنے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم جماعت اسلامی کے متعلقہ ٹاؤن چیئرمین کی درخواست پر اس منصوبے پر پیش رفت روک دی گئی۔

تقریب کے اختتام پر شہریوں نے منور چورنگی انڈر پاس کی تکمیل اور اسے ٹریفک کے لیے کھولنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے روزانہ ہزاروں گاڑیوں کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی، ٹریفک جام میں نمایاں کمی آئے گی اور شہر کے اہم تجارتی و رہائشی علاقوں کے درمیان سفر مزید تیز، محفوظ اور سہل ہو جائے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں