ایران کے ساتھ طویل جنگ نہیں ہونے دیں گے، امریکی نائب صدر
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ ایسی جنگ نہیں ہونے دیں گے جس کا کوئی اختتام نہ ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی انتظامیہ اپنے مقاصد حاصل کرے گی، لیکن جنگ کو غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رکھا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھیج دیا ہے۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ انتظامیہ ایران کے حوالے سے اپنے طے شدہ اہداف حاصل کرے گی، تاہم وہ اس تنازع کو طویل اور نہ ختم ہونے والی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دے گی۔
وینس نے مزید کہا کہ امریکا گزشتہ 47 برس سے ایران کے ساتھ مختلف نوعیت کے تنازعات اور معاملات میں ملوث رہا ہے، جبکہ حالیہ کشیدگی میں بھی امریکا تقریباً سات ماہ سے کسی نہ کسی صورت میں شامل ہے۔
