نیو کراچی ٹاؤن میں ریٹائرڈ ملازمین میں  49  لاکھ روپے کے واجبات کے چیک تقسیم

نیو کراچی ٹاؤن میں ریٹائرڈ ملازمین میں  49  لاکھ روپے کے واجبات کے چیک تقسیم

کراچی: وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر ریٹائرڈ ہونے والے 09   ملازمین میں مجموعی طور پر  49  لاکھ روپے مالیت کے واجبات کے چیک تقسیم کیے۔ تقریب میں متعلقہ افسران اور ریٹائرڈ ملازمین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی منتخب قیادت صرف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل تک محدود نہیں بلکہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کے جائز حقوق کی بروقت ادائیگی کو بھی اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ریٹائر ہونے والے ملازمین نے اپنی پوری عملی زندگی اس ادارے کی خدمت، دیانت داری اور محنت کے ساتھ گزاری ہے، اس لیے ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور ادارہ انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی صرف منتخب نمائندوں کی کاوشوں کا نتیجہ نہیں بلکہ ادارے کے محنتی ملازمین کی شبانہ روز خدمات بھی اس میں برابر کی شریک ہیں۔ انہی ملازمین کی انتھک محنت کی بدولت عوام کو بہتر سڑکیں، بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبے میسر آئے ہیں۔

شعیب بن ظہیر نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایک ایسا بلدیاتی نظام قائم کیا جائے جہاں عوام کے ساتھ ساتھ ملازمین کے حقوق کا بھی مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ بھی ملازمین کے جائز مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

تقریب کے اختتام پر ریٹائرڈ ملازمین نے بروقت واجبات کی ادائیگی پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر اور نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو ملازمین دوست پالیسی قرار دیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں