سید فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام بریسٹ کینسر سے آگاہی سیمینار، بروقت تشخیص اور خواتین کی صحت کی اہمیت پر زور

سید فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام بریسٹ کینسر سے آگاہی سیمینار، بروقت تشخیص اور خواتین کی صحت کی اہمیت پر زور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سید فاؤنڈیشن نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (POA) ویمنز کمیشن اور کولگیٹ پامولیو پاکستان کے اشتراک سے 28 اکتوبر کو پی اے سی سی (PACC) میں بریسٹ کینسر سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا، جس میں معزز شخصیات، طبی ماہرین، کھلاڑیوں اور سماجی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد چھاتی کے سرطان سے متعلق شعور اجاگر کرنا، بروقت تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور خواتین کو اپنی صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دینا تھا۔

سیمینار کی مہمان مقرر پروفیسر ڈاکٹر رفینہ سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی، بروقت طبی معائنہ اور علامات ظاہر ہونے پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی صحت سے متعلق معاشرتی جھجک اور منفی رویوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین بلاخوف اپنے مسائل بیان کر سکیں اور بروقت طبی سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

تقریب میں محترمہ فاطمہ لاکھانی، محترمہ رونق لاکھانی، دارالسکون ویلفیئر سوسائٹی کے نمائندگان، مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں، ڈاکٹر ثمینہ وصیف، ڈاکٹر سارہ خرم، محترمہ تبندہ ہاشمی اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر امتیاز شیخ سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

سیمینار میں خواتین کی صحت، بریسٹ کینسر کی ابتدائی علامات کی پہچان، بروقت تشخیص اور مستند طبی معلومات کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ بریسٹ کینسر کے بارے میں غلط فہمیوں اور معاشرتی جھجک کو دور کرنے کے لیے خاندانوں، طبی ماہرین، کھلاڑیوں اور سماجی اداروں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ خواتین کو بروقت طبی مشورے، جذباتی معاونت اور صحت سے متعلق درست معلومات کی فراہمی ایک مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے۔

تقریب کے اختتام پر سید فاؤنڈیشن کی جانب سے محترمہ فاطمہ لاکھانی کو 20ویں ایشین گیمز کے لیے چیف ڈی مشن مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی گئی۔ اس موقع پر ان کی ذمہ داریوں کی کامیاب تکمیل کے بعد واپسی پر بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا اور کھیلوں کے انتظامی امور میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

سید فاؤنڈیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کی صحت، کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور سماجی آگاہی کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات اور مؤثر شراکت داریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ ایک صحت مند، باخبر اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں