نیو کراچی میں الخدمت اسٹریٹ، چراغ الاسلام اسٹریٹ اور پارک کا افتتاح

نیو کراچی میں الخدمت اسٹریٹ، چراغ الاسلام اسٹریٹ اور پارک کا افتتاح

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے یونین کونسل نمبر 9، سیکٹر  11  ایف میں تعمیر و مرمت کے بعد الخدمت اسٹریٹ، چراغ الاسلام اسٹریٹ اور  تزئین و آرائش کے بعد پارک کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، ٹاؤن افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور تقریباً ہر روز کسی نہ کسی عوامی فلاحی منصوبے کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کے ساتھ انہیں خدمت کی ذمہ داری سونپی، وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔محمد یوسف نے کہا کہ اگرچہ بلدیاتی اداروں کو محدود وسائل اور مالی مشکلات کا سامنا ہے، اس کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن کی منتخب قیادت اپنی منصوبہ بندی، دیانت داری اور بہتر انتظامی حکمت عملی کے ذریعے ترقیاتی کاموں کو بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ سڑکیں، گلیاں، پارکس، صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی بلدیاتی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچائی جائیں تاکہ شہریوں کے معیارِ زندگی میں حقیقی بہتری آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت صرف وعدوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ہوتی ہے، اور نیو کراچی ٹاؤن میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبے اسی عزم کا ثبوت ہیں۔ ہم اپنے اختیارات اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جہاں ضرورت پڑتی ہے وہاں متعلقہ اداروں سے بھی مسلسل رابطے میں رہتے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا کہنا تھا کہ عوام کی محبت، اعتماد اور بھرپور تعاون ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ یہی اعتماد ہمیں مزید محنت اور خدمت پر آمادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے ہمیشہ خدمت، دیانت اور شفافیت کی سیاست کو فروغ دیا ہے، اسی لیے عوام آج بھی ان پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عوام خدمت کے اس سفر کو جاری رکھنے کے لیے دیانت دار اور عوام دوست قیادت کا انتخاب کریں گے۔

تقریب کے اختتام پر علاقہ مکینوں نے ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ علاقے میں اسی طرح مزید ترقیاتی اور فلاحی منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں