میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کے لیے نئی ہیوی وہیکلز باضابطہ طور پر حوالے کر دیں
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کے لیے نئی ہیوی وہیکلز باضابطہ طور پر حوالے کر دیں۔ دو آرکیو لیفٹڈ بوم وہیکلز محکمہ الیکٹریکل اینڈ مکینیکل جبکہ ایک ٹرک محکمہ انسدادِ تجاوزات کے حوالے کیا گیا۔
تقریب میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، مشیر مالیات گلزار علی ابڑو، کے ایم سی کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نئی گاڑیوں کی شمولیت سے بلدیاتی خدمات کی انجام دہی مزید مؤثر اور تیز رفتار ہوگی۔ جدید ہیوی وہیکلز کے ذریعے شہری سہولیات کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ کے ایم سی اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ادارے کی عملی استعداد میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنے ترقیاتی بجٹ کا مؤثر استعمال کر رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ریونیو میں اضافے کے باعث ادارے کی مالی استعداد بہتر ہوئی ہے اور وسائل عوامی فلاح پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ نئی ہیوی وہیکلز فیلڈ آپریشنز، مرمتی کاموں اور ہنگامی خدمات میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انسدادِ تجاوزات کی کارروائیوں کو مزید منظم، مؤثر اور تیز بنانے میں نئی گاڑیاں معاون ثابت ہوں گی۔جدید مشینری اور گاڑیوں کی فراہمی سے کے ایم سی کے مختلف محکموں کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
