پارلیمانی لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی اسد امان اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر صلاح الدین کی سربراہی میں ہم خیال گروپ (پی ٹی آئی) کے وفد نے جماعتِ اسلامی کے مرکزی دفتر ادارۂ نور حق کا دورہ کیا۔
وفد نے امیر جماعتِ اسلامی کراچی اور اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفد نے جماعتِ اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امیر العظیم مرحوم کی مغفرت، درجاتِ بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر وفد نے امیر جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان کو فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات میں منعم ظفر خان اور سیف الدین ایڈووکیٹ کے ساتھ کراچی کو درپیش اہم شہری مسائل، بلدیاتی امور، عوامی مشکلات، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مؤثر حل کے لیے باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کے عوام کے مسائل کے حل، بلدیاتی نظام کی بہتری اور شہر کی ترقی کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
