ممکنہ بارشوں کے پیش نظر لیاقت آباد ٹاؤن میں رین ایمرجنسی برقرار، متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت
کراچی: چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کی ہدایت پر محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دنوں میں ممکنہ بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر لیاقت آباد ٹاؤن میں رین ایمرجنسی برقرار ہے، جبکہ تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے دوران لیاقت آباد ٹاؤن کی سینی ٹیشن ٹیموں نے دن رات محنت کرتے ہوئے سڑکوں، شاہراہوں، گلیوں اور نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا، جس کے باعث شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا گیا۔ آئندہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر بھی یہی جذبہ اور مستعدی برقرار رکھی جائے گی تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنانہ کرنا پڑے۔
انہوں نے ڈائریکٹر سینی ٹیشن طفضل حسین کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سینی ٹیشن کا تمام عملہ، مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس اور ضروری آلات ہر وقت مکمل طور پر فعال اور الرٹ رہیں۔ تمام ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں اور جہاں بھی بارش کا پانی جمع ہونے، سیوریج لائن بند ہونے یا صفائی ستھرائی سے متعلق کوئی مسئلہ سامنے آئے، وہاں فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو معمول پر لایا جائے۔
چیئرمین فراز حسیب نے ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی کو بھی ہدایت کی کہ بارشوں اور تیز ہواؤں کے دوران درختوں، شاخوں اور پودوں کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ ایسے درخت یا شاخیں جو شہریوں، گاڑیوں یا بجلی کی تنصیبات کے لیے خطرہ بن سکتی ہوں، انہیں فوری طور پر محفوظ بنایا جائے یا ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔اسی طرح محکمہ ایڈورٹائزمنٹ کو بھی ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام بل بورڈز، سائن بورڈز، بینرز، اسٹریمرز اور دیگر اشتہاری تنصیبات کا فوری معائنہ کیا جائے۔ غیر محفوظ، کمزور یا خطرناک اشتہاری ڈھانچوں کو فوری طور پر ہٹایا یا محفوظ بنایا جائے۔
