چیئرمین گڈاپ کی زیرِ صدارت مون سون بارشوں کے پیشِ نظر ہنگامی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ کی زیرِ صدارت اور میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز کی موجودگی میں مون سون بارشوں کے پیشِ نظر ہنگامی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر سینیٹیشن اشرف بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن محمد افضل لغاری، افسرِ مالیات افتخار حسین دایو، کونسل ممبر عیسیٰ بلوچ سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب، ڈی واٹرنگ پمپس، بھاری مشینری کی دستیابی، فیلڈ اسٹاف کی تعیناتی اور ہنگامی رسپانس پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران اور عملہ چوبیس گھنٹے الرٹ رہے، نشیبی علاقوں، اہم شاہراہوں اور بارش سے متاثر ہونے والے مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے، برساتی گزرگاہوں کی بروقت صفائی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل ہر وقت تیار رکھے جائیں۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے شہری شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور بلدیاتی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مون سون سیزن میں تمام متعلقہ محکمے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔نکاسی آب کے نظام کو ہر صورت فعال رکھا جائے، ڈی واٹرنگ پمپس، مشینری اور عملہ ہر وقت تیار حالت میں موجود رہے، جبکہ ہنگامی صورتحال میں کنٹرول روم، فیلڈ ٹیموں اراکین کونسل اور متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے۔
اس موقع پر ڈائر یکٹر انفار میشن رضوان صابر،ڈائر یکٹر پراپرٹی سہیل یار خان،انجینئر فہیم بلوچ، ارشد بلوچ، عبدالولی بگھیو،عبدالرزاق جو کھیو،پی ایس چیئر مین لعل جان نبی بھی موجود تھے۔
