صدر مملکت سے ڈپٹی میئر کراچی کی ملاقات، بلدیاتی ترقی اور شہری سہولیات پر تبادلہ خیال
کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری سے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے ملاقات کی جس میں کراچی میں بلدیاتی ترقی، شہری سہولیات اور میونسپل سروسز کی بہتری سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے صدر مملکت کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، نکاسی آب کے منصوبوں اور دیگر بلدیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے شہر کی ترقی، عوام کو معیاری بلدیاتی خدمات کی فراہمی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے صدر مملکت کو بتایا کہ کراچی میں شہری مسائل کے پائیدار حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور میونسپل سروسز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو بہتر اور معیاری بلدیاتی خدمات فراہم کی جاسکیں۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، ملاقات میں شایان سلمان مراد بھی ڈپٹی میئر کے ہمراہ موجود تھے۔
