چیئرمین کورنگی ٹاؤن کی زیرِ صدارت UC-10 میں کھلی کچہری، عوامی مسائل حل کی یقین دہانی
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی زیرِ صدارت یونین کمیٹی 10 میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے پانی، سیوریج، صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس، پارکس اور دیگر بلدیاتی مسائل سے متعلق اپنی شکایات اور تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کے ہمراہ جماعتِ اسلامی کی جانب سے محمد ہارون اور پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے عذرا بانو بھی موجود تھیں، جنہوں نے عوامی مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے اپنی آراء پیش کیں۔ اس موقع پر سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوامی خدمت اور باہمی تعاون کے جذبے کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
کھلی کچہری میں کورنگی ٹاؤن کی تمام یونین کمیٹیوں کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز، پاکستان پیپلز پارٹی کے پی ایس صدور، ٹاؤن کے تمام ڈائریکٹرز، افسران اور ملازمین نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین محمد نعیم شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر سننا اور انہیں بروقت حل کرنا ہے۔انہوں نے متعلقہ ڈائریکٹرز اور افسران کو ہدایت کی کہ تمام شکایات کا فوری جائزہ لے کر ترجیحی بنیادوں پر ان کے حل کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی شہری کو غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن کی انتظامیہ عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے اور صفائی، نکاسیٔ آب، سڑکوں کی بہتری، پارکس کی بحالی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ہر یونین کمیٹی میں مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
آخر میں شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے چیئرمین کورنگی ٹاؤن اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ عوام اور بلدیاتی نمائندوں کے درمیان براہِ راست رابطہ مزید مضبوط ہو اور شہری مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔
