نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری، نارتھ میں چار ماڈل گلیوں کا افتتاح

نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری، نارتھ میں چار ماڈل گلیوں کا افتتاح

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 11 بی نارتھ کراچی میں تعمیر ہونے والی چار ماڈل گلیوں کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبی، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، ٹاؤن افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے بیک وقت خیابان منصور، خیابان بھٹی، خیابان شمیم اور سید خلیل احمد کمیونٹی کلسٹر کا افتتاح کیا۔

ان گلیوں کو روڈ کارپیٹنگ اور پیور بلاک کے ذریعے جدید طرز پر تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ خوبصورتی اور پائیداری کو بھی خصوصی طور پر مدنظر رکھا گیا تاکہ شہری طویل عرصے تک بہتر سفری سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کام پوری رفتار سے جاری ہیں اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کا مقصد صرف اعلانات کرنا نہیں بلکہ عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا ہے، اسی لیے محدود وسائل کے باوجود سڑکوں، گلیوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج بھی نیو کراچی کے کئی علاقوں میں لوگ پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔ اگر پانی اور صفائی جیسے بنیادی ادارے عوامی نمائندوں کے ماتحت ہوں تو مسائل کہیں زیادہ تیزی سے حل کیے جا سکتے ہیں کیونکہ منتخب نمائندے روزانہ عوام کے درمیان رہتے ہیں اور ان کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں۔محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن نے اپنے محدود بجٹ کے باوجود تقریباً 10 کروڑ روپے واٹر اینڈ سیوریج سے متعلق بنیادی کاموں پر خرچ کیے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی وسائل کی کمی کا بہانہ نہیں بنایا بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے، جبکہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ناقص کارکردگی شہریوں کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ ان اداروں کا انتظام منتخب بلدیاتی نمائندوں کے سپرد کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ فیصلے عوام کی ضرورت کے مطابق اور بروقت کیے جا سکیں۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے مزید کہا کہ انتخابی مہم کے دوران عوام سے جو وعدے کیے گئے تھے، ان پر مرحلہ وار عمل کیا جا رہا ہے۔ نیو کراچی ٹاؤن میں اب تک ایک ہزار گلیوں کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید گلیوں اور سڑکوں پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف تعمیرات کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو صاف، خوبصورت، محفوظ اور جدید سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ ان کا معیارِ زندگی بہتر ہو۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں