چیئرمین مومن آباد ٹاؤن کا UC-8 کا تفصیلی دورہ، عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے احکامات جاری
کراچی: ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان کا UC-8 کا تفصیلی دورہ، عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے احکامات جاری
ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان نے میونسپل کمشنر اصغر علی کے ہمراہ یونین کیمٹی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایکشن کمیٹی UC-8 کے اراکین، فوکل پرسن خضر حیات، متعلقہ بلدیاتی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران ٹاؤن چیئرمین نے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی، نالوں اور ڈرینز کی صورتحال، کچرے کے ڈھیروں، سڑکوں اور دیگر بلدیاتی مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مقامی رہائشیوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی، کچرے کی فوری منتقلی اور صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔
دورے کے دوران سندھ حکومت کے ماتحت سرکاری اسکول کا بھی معائنہ کیا گیا، جہاں اسکول کی عمارت اور بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایکشن کمیٹی نے اسکول کی خستہ حالی اور دیگر مسائل کی نشاندہی کی، جس پر ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان نے کہا کہ اگرچہ یہ اسکول سندھ حکومت کے ماتحت ہے، تاہم مومن آباد ٹاؤن انتظامیہ اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے ایکشن کمیٹی کو یقین دلایا کہ اسکول کی بہتری اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے اسے بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
بعد ازاں ٹاؤن چیئرمین نے علاقے کے گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں گراؤنڈ کی حفاظتی دیوار کی خستہ حالت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو گراؤنڈ کی حفاظتی دیوار کی تعمیر کے لیے فوری اقدامات شروع کرنے کی ہدایت جاری کی تاکہ گراؤنڈ کو محفوظ بنایا جا سکے اور نوجوانوں کو بہتر کھیلوں کی سہولیات میسر آئیں۔
اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان نے کہا کہ مومن آباد ٹاؤن میں عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، تعلیمی اداروں اور کھیل کے میدانوں کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تمام جاری کاموں کی مسلسل نگرانی کی جائے، عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے اور ترقیاتی و صفائی کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
