چیئرمین کورنگی ٹاؤن کی کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے پروگرام میں شرکت

چیئرمین کورنگی ٹاؤن کی کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے پروگرام میں شرکت

چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (KATI) کے پروگرام میں شرکت، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی آمد پر شاندار استقبال

کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (KATI) کی جانب سے منعقدہ ایک اہم اور باوقار تقریب میں شرکت کی، جس میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بطورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محنت، انسانی وسائل اور سوشل پروٹیکشن سعید غنی بھی وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ہمراہ موجود تھے۔تقریب کا آغاز کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (KATI) کے سابق صدر جنید نقی کی جانب سے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا اور شرکاء نے احتراماً کھڑے ہو کر وطنِ عزیز سے اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب میں صدر KATI محمد اکرام راجپوت، پیٹرن اِن چیف SM تنویر، ڈپٹی پیٹرن اِن چیف زبیر چھایا، انڈس اسپتال کے صدر و سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان، حکومتِ سندھ کے ترجمان نادر نبیل گبول، معروف کاروباری شخصیت بشیر جان محمد، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو، میونسپل کمشنر کورنگی ٹاؤن غلام سرور راہوپوٹو سمیت صنعت، تجارت، سرکاری اداروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران مقررین نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ یہ پہلا موقع تھا جب کسی حاضر سروس وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (KATI) کا دورہ کیا، جسے صنعتی برادری نے نہایت اہم پیش رفت قرار دیا۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ کی آمد پر KATI کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ گلدستہ بھی بطورِ تحفہ پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے KATI کے عہدیداران نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی عوامی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر کاز وے برج (Causeway Bridge)، عظیم پورہ فلائی اوور اور شاہراہِ بھٹو جیسے اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کو کراچی کی ترقی میں سنگِ میل قرار دیا۔ اسی طرح صحت کے شعبے میں سندھ حکومت کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ NICVD اور انڈس اسپتال جیسے عالمی معیار کے ادارے عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، جو سندھ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی ثبوت ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کراچی خصوصاً ضلع کورنگی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے ایس ایس پی کورنگی فدا حسین کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی مؤثر حکمتِ عملی سے جرائم کی روک تھام میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی بلدیاتی خدمات، شہری مسائل کے حل، صفائی، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ مقامی حکومتوں کا فعال کردار شہری ترقی میں نہایت اہمیت رکھتا ہے۔

چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے تقریب کے اختتام پر صنعتی برادری سے ملاقاتیں کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کورنگی کے صنعتی اور رہائشی علاقوں کی بہتری، انفراسٹرکچر کی مضبوطی، صفائی ستھرائی، ٹریفک کے مسائل کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کورنگی ٹاؤن ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومتِ سندھ، بلدیاتی ادارے اور صنعتی برادری باہمی تعاون کے ذریعے کراچی خصوصاً کورنگی کے صنعتی زون کو مزید ترقی یافتہ، محفوظ اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں