ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر صدر ٹاؤن میں انتظامات ٹاؤن میونسپل کمشنر عمار خان کا مختلف علاقوں کا دورہ
کراچی: ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی خصوصی ہدایات پر ٹاؤن میونسپل کمشنر عمار خان نے صدر ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کے موقع پر ڈرینوں کے جاری کاموں کا معائنہ کیا
دورے کے دوران صدر ٹاؤن کے وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا، متعلقہ محکموں کے افسران اور انجینئرنگ و سینیٹیشن عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔ ٹاؤن میونسپل کمشنر نے مختلف مقامات پر ڈرینزکے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ جاری کاموں کو جلد مکمل کریں تاکہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
عمار خان نے کہا کہ چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی ہدایت کے مطابق شہریوں کو بارشوں کے دوران ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ڈرین لائنوں کا کام تیز کیا جائے، مشینری اور عملہ ہر وقت تیار رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے دوران تمام فیلڈ اسٹاف اپنی متعلقہ یونین کونسلز اور علاقوں میں مسلسل موجود رہے، پانی جمع ہونے کی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے اور نکاسیٔ آب کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا نے بھی متعلقہ افسران کو ہدایت ہدایت کی کہ عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے اور صفائی و نکاسیٔ آب کے تمام انتظامات مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ ممکنہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
