ڈی جی کے ڈی اے کی ہدایات پر ممبر فنانس کی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے وفد سے اہم ملاقات

ڈی جی کے ڈی اے کی ہدایات پر ممبر فنانس کی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے وفد سے اہم ملاقات

کراچی: ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی کی ہدایات پر ممبر فنانس کے ڈی اے نوید انور صدیقی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے وفد سے اہم ملاقات کی، جس میں سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود اور مالی سہولیات سے متعلق مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے وفد کی قیادت اسسٹنٹ ڈائریکٹر، فنانشل اِنکلوژن ڈویژن، محمد دانیال خان کر رہے تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری کے ڈی اے محمد ارشد خان اور ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ شکیل احمد خان بھی موجود تھے۔

وفد نے ممبر فنانس نوید انور صدیقی کو آگاہ کیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹرنگ میں سرکاری ملازمین کی مالی معاونت اور فلاح و بہبود کے لئے شیڈول بینکس کے ذریعے کم مارک اپ پر ہاؤس فنانس اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کے تحت اہل سرکاری ملازمین کو صرف 5 فیصد شرح منافع پر اپنے گھر کی خریداری یا تعمیر کے لیے قرض فراہم کیا جائے گا۔مزید برآں، وفد نے بتایا کہ مختلف مالیاتی پالیسیوں کے تحت سرکاری ملازمین کے لیے الیکٹرک بائیکس، سولر پینلز اور سی این جی رکشوں کی خریداری کے لیے بھی آسان اقساط اور زیرو فیصد مارک اپ پر خصوصی فنانسنگ پروگرام متعارف کرائے جا رہے ہیں، تاکہ ملازمین کی معاشی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے۔

اس موقع پر ممبر فنانس کے ڈی اے نوید انور صدیقی نے کہا کہ ادارہ ترقیات کراچی اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالیاتی سہولتوں سے کے ڈی اے کے ملازمین بھرپور استفادہ کریں گے، جن کے ذریعے وہ اپنے ذاتی گھر کے حصول سمیت دیگر بینکاری اور مالیاتی خدمات سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے ڈی اے ملازمین کی سہولت کے پیشِ نظر کے ڈی اے ہیڈ آفس کے گراؤنڈ فلور پر مختلف بینکوں کے کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ ضروری مالیاتی خدمات تک ان کی رسائی مزید آسان بنائی جا سکے۔

اس موقع پر ممبر فنانس کے ڈی اے نوید انور صدیقی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے آگاہی اور سہولت فراہم کرنے والے اقدامات کے ڈی اے ملازمین کی معاشی بہتری اور معیارِ زندگی میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ مستقبل قریب میں ملازمین کی رہنمائی اور فلاح و بہبود کے لیے اسی نوعیت کے مزید معلوماتی اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں