چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن کی میونسپل کمشنر کے ہمراہ تین سالا کارکردگی پر میڈیا کو بریفنگ
لیاقت آباد ٹاؤن کی ترقی کا سفر عوام کے اعتماد، منتخب نمائندوں کی محنت اور افسران کی شب و روز کاوشوں کا نتیجہ ہے:فراز حسیب
کراچی:چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کی زیر صدارت ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کی تین سالہ کارکردگی اور بجٹ کے حوالے سے میڈیا بریفنگ کا انعقادکیا گیا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین اسحاق تیموری، میونسپل کمشنر دریا خان پتافی، کوآرڈینیٹرصغیر احمد انصاری، ڈائریکٹر انفارمیشن فہیم مصطفی سمیت معزز میڈیا نمائندگان بڑی تعداد موجود تھے۔ چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد گزشتہ تین سالہ کارکردگی اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے ایک تفصیلی میڈیا بریفنگ دی۔
بریفنگ میں چیئرمین فراز حسیب نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں میں لیاقت آباد ٹاؤن کو ایک جدید، صاف ستھرا اور عوام دوست ٹاؤن بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے۔ محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا گیا اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لیاقت آباد ٹاؤن میں متعدد اہم سڑکوں کی تعمیر و بحالی، گلیوں کی مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، پارکس کی تزئین و آرائش، لائبریریوں کے قیام و بحالی، کھیلوں کے فروغ کے لیے محمدی گراؤنڈ سمیت مختلف اسپورٹس سہولیات کی تعمیر و بہتری، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، صفائی ستھرائی کے مؤثر نظام، شجرکاری مہم، ڈسپنسریوں کی بحالی اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر کامیابی سے عملدرآمد کیا گیا، جس سے لیاقت آباد ٹاؤن کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی۔
چیئرمین فراز حسیب نے بجٹ کے اہم نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال میں بھی ترقیاتی کاموں، صفائی، صحت، تعلیم، پارکس، انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام کو مزید بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔بریفنگ کے دوران میڈیا نمائندگان کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں، بجٹ، مستقبل کے منصوبہ جات اور شہری مسائل سے متعلق متعدد سوالات کیے گئے، جن کے چیئرمین فراز حسیب نے تفصیلی، مدلل اور اطمینان بخش جوابات دیے۔ انہوں نے ہر منصوبے کی پیش رفت، مالی شفافیت، انتظامی حکمت عملی اور مستقبل کے اہداف سے میڈیا کو مکمل طور پر آگاہ کیا۔چیئرمین فراز حسیب نے کہا کہ لیاقت آباد ٹاؤن کی ترقی کا سفر عوام کے اعتماد، منتخب نمائندوں کی محنت اور افسران کی شب و روز کاوشوں کا نتیجہ ہے۔میڈیا نمائندگان نے بریفنگ کو معلوماتی قرار دیتے ہوئے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور تین سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دینے پر چیئرمین فراز حسیب کا شکریہ ادا کیا۔
