چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، پینے کے پانی کی لائن کے کام کا معائنہ

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، پینے کے پانی کی لائن کے کام کا معائنہ

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نیو کراچی کے مختلف سیکٹرز کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے سیکٹر 11-Aمیں زیر تعمیر پارک اور سیکٹر 11-Bمیں پینے کے پانی کی نئی لائن کی تنصیب کے کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر انکے  ہمراہ چیئرمین یونین کونسل نمبر 12عظیم انور  اور کونسلرز بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے تعمیراتی کام کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکٹر 11-Aمیں پارک کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ پارک کی تکمیل سے علاقے کے مکینوں کو صحت مند تفریح اور کھیل کود کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔ بزرگ، نوجوان اور بچے اپنے گھروں کے قریب ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول میں وقت گزار سکیں گے، جس سے نہ صرف ان کی جسمانی و ذہنی صحت بہتر ہوگی بلکہ معاشرتی روابط بھی مضبوط ہوں گے۔

چیئرمین محمد یوسف نے مزید کہا کہ سیکٹر 11-Bمیں پینے کے پانی کی لائن کی تنصیب علاقے کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جسے ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو صاف اور بہتر پینے کے پانی کی فراہمی ممکن ہوگی اور پانی کی قلت کے مسئلے میں نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر محلے اور ہر سیکٹر میں بنیادی بلدیاتی سہولیات کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے اور ان کا معیارِ زندگی بلند ہو۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقیاتی کاموں کا یہ سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا اور عوام کی خدمت کے مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہری جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں